• news

شیخوپورہ: بیوی منانے میں ناکامی پر بھاوج کو قتل‘سسر‘سالی کو زخمی کرکے خودکشی کرلی

شیخوپورہ+جوئیانوالہ+فیروزوالا(نامہ نگارخصوصی+نامہ نگار) لاہور روڈ کی آبادی کلہ ورکاں میں سعودیہ پلٹ مصطفی نے روٹھی بیوی یاسمین کے نہ ماننے پر مشتعل ہو کر اپنے سسرال کے گھر میں خون کی ہولی کھیلتے ہوئے اپنی بیوی کی بھاوج رضیہ بی بی کو گولیوں سے بھون ڈالا اور پھر اپنے سر میں گولی مار کر خود کشی کرلی۔ مصطفی کو فائرنگ سے روکنے اور پکڑنے کی کوشش کی تو اس نے اپنے سسر منیر احمد اور اس کی بیٹی افشاں بی بی کو بھی گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا جن کو مخدوش حالت میں سول ہسپتال لایا گیا۔ مصطفی کی فائرنگ سے اس کی بیوی یاسمین معجزانہ طور پر بچ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ مصطفی کا تعلق اٹک سے ہے جس نے اپنے شہر میں پہلی شادی کی ہوئی تھی۔ اس نے پچھلے سال لاہور روڈ کی آبادی کلہ ورکاں میں بھی یاسمین سے دوسری شادی کرلی اور اس کے تین ماہ بعد وہ سعودی عرب واپس چلا گیا، اس کی بیوی سوتن کی موجودگی میں وہاں رہنے کی بجائے ناراض ہو کر میکے میں آگئی۔ سعودی عرب سے واپس آنے پر وہ اپنی بیوی یاسمین کو منانے کلہ ورکاں آیا تو یاسمین نے پہلی بیوی والے گھر جانے سے انکار کردیا جس پر ان کے درمیان جھگڑا ہوا تو مصطفی نے پستول نکال کر بیوی کو قتل کرنے کی کوشش کی مگر وہ معجزانہ طور پر بچ گئی۔ اس دوران رضیہ بی بی نے یاسمین کو بچانے کی کوشش کی تو وہ فائرنگ کی زد میں آکر دم توڑ گئی۔ تھانہ فیکٹری ایریا پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن