نکاح پر نکاح کیس‘ عدالت کا اداکارہ میرا کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) جوڈیشل مجسٹریٹ کینٹ کچہری راشد منہاس نے اداکارہ میرا کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ میرا کو 19 جون کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔ میرا کے خلا ف استغاثہ کیس کی سماعت کے دوران اداکارہ میرا کے شوہر ہونے کے دعویدار عتیق الرحمان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اداکارہ نے ان کے ساتھ نکاح کے باوجود کیپٹن نوید نامی شخص سے دوبارہ نکاح کر لیا جو کہ قانوناً جرم ہے جبکہ اس نے ڈیفنس میں واقع ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے گھر پر بھی قبضہ کر رکھا ہے۔ لہٰذا اداکارہ میرا کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ان کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیاکہ اداکارہ میر اکی طرف سے عدالت میں کوئی وکیل پیش نہیں ہوا۔ لہٰذا عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے پر اداکارہ میرا کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں، جوڈیشل مجسٹریٹ نے عتیق الرحمان کی درخواست منظور کرتے ہوئے پولیس کوحکم دیا ہے کہ میرا کو 19 جون کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔