بجٹ میں فلم انڈسٹری کیلئے کچھ نہیں، تقریر سن کر مایوسی ہوئی: فنکار
لاہور (کلچرل رپورٹر) صوبائی بجٹ پر شوبز کی اہم شخصیات نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی نے کہا ہے کہ نہ تو وفاقی بجٹ میں فلم انڈسٹری کے لئے رقم مختص کی گئی اور نہ ہی پنجاب کے بجٹ میں، انہوں نے کہا کہ ہر حکومت نے انڈسٹری کی بحالی کے وعدے کئے مگر عملی طور پر کس حکومت نے کچھ نہیں کیا۔ معروف اداکارہ اور ہدایتکارہ سنگیتا نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر میں فلم انڈسٹری کا نام تک لینا گوارا نہیں کیا گیا۔ معروف اداکارہ اور رکن پنجاب اسمبلی کنول نعمان نے بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کے بعد پنجاب حکومت نے بھی مثالی بجٹ پیش کیا۔ معروف گلوکارہ اور اداکارہ شاہدہ منی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے بہترین بجٹ پیش کیا۔ معروف اداکار معمر رانا نے کہا کہ پنجاب کے بجٹ میں فلم انڈسٹری کا ذکر ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے فلم انڈسٹری کو انڈسٹری تسلیم ہی نہیں کیا۔ اداکارہ زری نے کہا کہ بجٹ تقریر سن کر مایوس ہوئی کیونکہ فلم انڈسٹری کے لئے کچھ نہیں کہا گیا۔ فلم سٹار میگھا اور سیدنور نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرح پنجاب حکومت نے بھی اچھا بجٹ پیش کیا۔ فلم سٹار میرا اور ثناء نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ایک متوازن بجٹ پیش کیا ہے۔ اداکارہ لیلیٰ صدیقی، ہما علی وفاق کے بعد پنجاب کے بجٹ پر سے بھی عام آدمی کو ریلیف ملا ہے۔ اداکارہ زارا اکبر نے کہاکہ پنجاب کے وزیر خزانہ کی تقریر سن کر سخت مایوسی ہوئی۔