گوالمنڈی پولیس کے مبینہ تشدد سے سابق لیگی کونسلر اشرف بٹ جاں بحق
لاہور (نامہ نگار ) سی آئی اے پولیس کے مبینہ وحشیانہ تشدد سے مسلم لیگ (ن) کا سابق جنرل کونسلرمحمد اشرف المعروف اچھی بٹ جاں بحق ہوگیا۔ لواحقین نے پولیس کے خلاف ہسپتال کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ لواحقین کے مطابق مقتول اشرف کی گاڑی ، موبائل اور نقدی وغیرہ بھی غائب ہے۔ سی آئی اے سنٹر میں پولیس اہلکاروں نے اُسے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اسکی حالت غیر ہوگئی جس کے بعد اسے نیم مردہ حالت میں سروسز ہسپتال کے باہر پھینک کر فرار ہوگئے۔ ڈاکٹروں کے مطابق اشرف کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس سے اسکی موت واقع ہوئی جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اشرف کی محلے میں کسی سے سیاسی مخالفت چلی آ رہی تھی پولیس نے اشرف کے مخالفین کی ایماء پر اشرف کو اغوا کیا اسے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جب لواحقین کو اس بارے میں علم ہوا تو انہوں نے فوری طور پر جب سی آئی اے پولیس سے رابطہ کیا تو پولیس نے لاعلمی کا اظہار کیا گیٹ پر موجود پولیس اہلکار نے حقیقت بتا دی۔ جس کے بعد ہی لواحقین ہسپتال گئے جہاں معلوم ہوا کہ سی آئی اے پولیس اہلکار اشرف بٹ پھینک کر فرار ہوگئے تھے۔ مقتول کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن)کا سرگرم کارکن اور سابق کونسلر تھا جب اس بارے میں صوبائی مشیر خواجہ سلمان رفیق کو معلوم ہوا تو انہوں نے فوری طور پر آئی جی پنجاب کو انکوائری کرنے کی درخواست کی۔ جس کے بعد ایس پی سی آئی اے عمر ورک موقع پر پہنچ گئے اور واقعہ کی انکوائری کا حکم دیدیا تاہم اس سلسلہ میں سی آئی اے پولیس کا کہنا ہے کہ اشرف نامی کسی بھی شخص کو پولیس نے اغوا نہیں کیا اور نہ ہی اس بارے میں کوئی اطلاع ہے۔ مسلم لیگی کا ر کن مقتو ل اشرف بٹ کی رسم قل آج بروز ہفتہ شام 5بجے انکی رہائشگاہ ریلو ے روڈ کالج دل محمد روڈ پر ادا کی جائیگی ۔