• news

حمید گل کاآئین منسوخی سے متعلق بیان آئین کی خلاف ورزی ہے: چیئرمین سینٹ

اسلام آباد (نامہ نگار + این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ آزادی رائے کا یہ مطلب نہیں کہ کچھ بھی کہنے کا لائسنس دے دیا جائے۔ کچھ دنوں سے آئین، پارلیمنٹ اور جمہوری نظام کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، پارلیمنٹ اسے سنجیدگی سے نہیں لے رہی، اظہار رائے کی آزادی کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے، سینٹ میں سینیٹر عثمان کاکڑ کے نکتہ اعتراض کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئین کو منسوخ کرنے سے متعلق لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل کا بیان آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے یہ جمہوری عمل کو پٹڑی سے اتارنے کی دعوت ہے۔ لیکن انہوں نے جن کے لئے یہ کہا ہے کہ وہ جمہوری عمل کو ڈی ریل نہیں کریں گے کیونکہ وہ اپنی ذمہ داری کو بخوبی جانتے ہیں، اس طرح کے بیانات نامناسب ہیں کچھ دنوں سے پارلیمنٹ، آئین اور جمہوری نظام کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ عثمان کاکڑ نے کہا کہ اس بیان پر میرا سارے ارکان سے مطالبہ ہے کہ متفقہ طور پر حکومت سے مطالبہ کرے کہ اس بندے پر آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے۔ سعید غنی نے کہا نظرانداز کر دیا جائے۔ تاج حیدر نے کہا کہ کارروائی ہونی چاہئے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خو رشید احمد شا ہ نے جنرل (ر)حمید گل کیخلاف پیر کو پارلیمنٹ میں تحریک لا نے کا اعلان کرتے ہوئے انکے بیان کو عمر کا ساتھ نہ دینا اور خام خیالی قرار دیا ہے۔ وزیراعظم سے کہا ہے کہ وہ جنرل (ر)حمید گل اور ڈی جی رینجرزکے بیانات کا نو ٹس لیں۔

ای پیپر-دی نیشن