• news

نوازشریف کو دوست کہا‘ بھروسہ کر کے غلطی کی‘ وہ ملکی مفاد میں مستعفی ہو جائیں: الطاف

کراچی (خصوصی رپورٹر+ آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف اگر ملک کا مفاد چاہتے ہیں تو فوراً مستعفی ہوجائیں۔ ہفتہ کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر کارکنوں سے خطاب کے دوران انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف کہتے ہیں کہ کراچی میں مکھی بھی مر جائے تو ہڑتال ہوجاتی ہے اور پھر گورنر سندھ سے کہتے ہیں کہ ایسا نہیں ہونا چاہئے، انہیں یاد ہونا چاہئے کہ انہوں نے کراچی آپریشن کا کپتان گورنر کو نہیں بلکہ وزیراعلیٰ سندھ کو بنایا ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ مکھی وزیراعظم کے دماغ پر بیٹھ گئی ہے، وہ فوری طور پر کسی نفسیاتی ڈاکٹر کو دکھائیں، میری غلطی تھی کہ میں نے نوازشریف پر بھروسہ کیا اور انہیں اپنا دوست کہا۔ نوازشریف صاحب اب وہ وقت نہیں کہ آپ سعودی عرب چلے جائیں گے، اس بار آپکو راہ فرار اختیار کرنے نہیں دی جائیگی۔ نوازشریف زرداری آئیں جمہوریت کیلئے دوستی کرلیں۔ انہوں نے کہاکہ میں نے عوام کو انکے حقوق دلانے کیلئے دن رات محنت کی اور عوام اور کارکنوں کو بتایا کہ حکومت کیا ہوتی ہے، کارکنوں کو سخت محنت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس سے مار کھانے سے بہتر ہے کارکن خاموش رہیں اور اپنے کام پر توجہ دیں، فریادیں کرنے اور دہائیاں دینے سے کچھ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے قیادت نہ چھوڑنے کی بات کی تھی اسکا مطلب یہ نہیں کہ کارکن کام چھوڑ کر گھر بیٹھ جائیں اور میں اکیلا کام کرتا رہوں، میرے جیسے دیوانے نے 37 سال لوگوں کی خدمت کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن