• news

کوئٹہ: ٹارگٹ کلنگ کے 3 واقعات‘ 2 بھائیوں سمیت پنجاب کے 5 رہائشی جاں بحق

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے 3 واقعات میں نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں کی دکانوں پرفائرنگ کے نتیجے میں پنجاب کے رہائشی 2 سگے بھائیوں سمیت 5افراد جاںبحق جبکہ 4 افراد شدیدزخمی ہوگئے، فائرنگ سے خوف وہراس پھیل گیا۔ پولیس کی جانب سے گزشتہ دو روز قبل پشتون آبادکے علاقے میں اے ایس آئی سمیت چار پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد سرچ آپریشن کے دوران 243 مشتبہ افرادکو حراست میں لیکر بھاری مقدار میں اسلحہ اور ایمونیشن برآمدکر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کی صبح کوئٹہ کے نواحی علاقے منوجان روڈپر واقعہ ایک دکان پر دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اندھادھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میںدو سگے بھائی محمد رفیق اور محمد عارف سکنہ مظفرگڑھ موقع پر دم توڑ گئے، حملہ آور فرار ہوگئے۔ علاوہ ازیں مشرقی بائی پاس پر واقع علیزئی ٹائون نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ایک شخص رحمت اللہ کوموت کے گھاٹ اتاردیااورموقع سے فرار ہوگئے۔ مزید برآں ڈبل روڈ پر واسا دفترکے قریب ویلڈنگ کی دکان پردو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اندھادھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں محمدمحسن نواز اور محمد نعیم موقع پر جاںبحق جبکہ محمد سلیمان محمد جنید رسول بخش اور ارشاد شدید زخمی ہوگئے فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میںجاںبحق ہونیوالے افرادکا تعلق صوبہ پنجاب کے علاقوں مظفرگڑھ اور راجن پور سے بتایا جاتا ہے، نعشیںضروری کارروائی کے بعدورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ ادھر ضلع پنجگور سے نامعلوم مسلح افراد نے ایک شخص کو اغوا کر لیا۔ نامعلوم مسلح گاڑی سوار افراد نے امان اللہ کو اغوا کرکے اپنے ساتھ نامعلوم مقام پر لے گئے۔ ادھر ضلع لورالائی کے علاقے دکی میں کار پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی، فائرنگ کے باعث ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ اسلام آباد سے اپنے سٹاف رپورٹر سے کے مطاق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کوئٹہ میں فائرنگ کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکت کو دہشت گردی کا بدترین واقعہ قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں ایک منظم منصوبے کے تحت آگ اور خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے جبکہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں قتل و غارت گری کے آگے بند باندھنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہیں۔ آن لائن کے مطابق کوئٹہ کے علاقے کلی بنگلزئی میں جاوید احمد نامی شخص کے گھر پر نامعلوم مسلح افراد نے دستی بم پھینکا جو زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا جس سے جاوید کی بیٹی فائزہ بی بی شدید زخمی ہوگئی۔

ای پیپر-دی نیشن