• news

متحدہ کارکن شہد کی مکھیاں ہیں، تحریک انصاف خفت مٹانے کیلئے نئے مطالبات کر رہی ہے: پرویز رشید

لاہور (نیٹ نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ الطاف حسین کے چاہنے والے متحدہ کے کارکن ’’مکھی‘‘ نہیں ’’شہد کی مکھیاں‘‘ ہیں۔ وزیراعظم نے کسی کا فقرہ دہرایا اور مکھی کا لفظ محاورے کے طور اور کم نقصان کی تشبیہ اسعتمال کیا جسے سن کر الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے بھائی غلط فہمی کا شکار ہوئے۔ عمران خان دوسروں پر تنقید کرنے کی بجائے اپنے صوبے کی حالت بہتر کرنے پر توجہ دیں۔ لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انکی خواہش ہے کہ عمران خان ’’کے پی کے‘‘ کے وزیر اعلیٰ بن جائیں کیونکہ صوبے کے عوام نے انکو ووٹ دیا ہے اور انکی مشکلات کو دور کرنا بھی عمران خان کا فرض ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم میاں نوازشریف سب کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں۔ کراچی کے حوالے سے وزیر اعظم نے کوئی ایسی بات نہیں کی جس پر کسی کو اعتراض ہو البتہ ایک بات صاف ہے کہ متحدہ کے کارکن مکھی نہیں بلکہ انکے منہ کو شہد لگ چکا ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے پوری دنیا میں بھارت کو بدنام کر دیا ہے پاکستان ایسا ملک نہیں کہ کسی کی دھمکی سے ڈر جائے۔ ایک سوال کے جواب میں سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان 35 پنکچر کا معاملہ جوڈیشل کمشن میں لیکر نہیں گئے اور اب جسٹس (ر) افتخار چودھری کا نام لیتے ہوئے انکی ٹانگیں کاپنپتی ہیں اور جسٹس (ر) رمدے کا نام لینے پر انہیں پسینہ آجاتا ہے، فارم 15 کو اگر بنیاد بنانا ہے تو بڑی مجرم پی ٹی آئی ہے، کیونکہ ریکارڈ کے مطابق جن حلقوں سے تحریک انصاف کامیاب ہوئی وہاں سے 44 فیصد فارم 15 غائب ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) جن حلقوں سے کامیاب ہوئی ہے ان میں 28 فیصد فارم 15 نہیں ملے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی سے متعلق تمام الزامات کا فیصلہ جوڈیشل کمشن نے کرنا ہے اور معاملہ عدالت میں ہے، میں اس پر زیادہ تبصرہ نہیں کر نا چاہتا۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف خفت مٹانے کیلئے نئے مطالبات کر رہی ہے اور الزامات ثابت کرنے میں ناکامی پر شرمندگی کا شکار ہے، بے بنیاد الزامات پر پی ٹی آئی قوم سے معافی مانگے۔

ای پیپر-دی نیشن