پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، کرکٹ ہماری پہچان ہے : جاوید آفریدی
لاہور (حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ‘کرکٹ ہماری پہچان ہے۔فاٹا میں بہت ٹیلنٹ ہے۔ان خیالات کا اظہار ہائیر پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور پاکستان کرکٹ کے سپانسر جاوید آفریدی نے وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ سپانسر کی طرف شاہد آفریدی لیکر آئے 12_2011 سے ابتک ملکی کرکٹ کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کی ہے۔شاہد آفریدی نے مجھے مشکل وقت میں پاکستان کرکٹ کو سپانسر کرنے کے لئے قائل کیا۔معاملات اچھے انداز میں چل رہے ہیں۔یہ تاثر غلط ہے کہ شاہد آفریدی میری وجہ سے ٹیم میں شامل ہوتے ہیں وہ پاکستان کے حقیقی ہیرو ہیں انکا انتخاب کارکردگی کی بنیاد پر ہی ہوتا ہے میں سلیکشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔وسیم اکرم اور برائن لارا پسندیدہ کرکٹرز ہیں۔شاہد آفریدی سے اچھی دوستی ہے۔پاکستان کی کرکٹ کو نچلی سطح سے منظم کرنے کا پلان بنا رہے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے۔ہائیر پاکستان نے صرف کرکٹ ہی نہیں دیگر کھیلوں کی بھی سرپرستی کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔ہاکی ٹینس اسکواش اور دیگر کھیلوں کو بھی سپانسر کریں گے۔ہائیر کی مصنوعات کی کامیابی معیار کی بدولت ہے ہم ایک بہت بڑی مارکیٹ ہیں اپنے لوگوں کو اپنی چیزوں کو خریدنے کا رجحان بڑھانے کے لئے معیاری مصنوعات کو مارکیٹ میں پیش کرنا ضروری ہے اور ہم یہی کر رہے ہیں۔ملک سے انڈسٹری باہر نہیں جانی چاہئے پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہمیں اپنے ملک میں رہتے ہوئے مسائل کے حل کے لئے کام کرنا ہوگا۔ملک سے سرمایہ منتقل کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے۔