پیپلزپارٹی کی مرکزی عاملہ کا اجلاس پیر کو اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا
اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس پیر کو اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے۔ سابق صدر اور پی پی پی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو اجلاس میں شریک ہوں گے۔ پی پی پی کے ذرائع کے مطابق پی پی پی کی مرکزی عاملہ کے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال ‘ گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی کی حالیہ انتخاب میں شکست سمیت امور سی ای سی کے ایجنڈے پر ہیں۔ ذرائع نے ’’نوائے وقت ‘‘ کو بتایا ہے کہ آصف زرداری پارٹی کی مرکزی مشاورتی باڈی کو کراچی کی صورت حال کے بارے میں اعتماد میں لیں گے حال ہی میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کراچی میں کھربوں روپے کی خرد برد‘ اور لوٹ مار کی بھاری رقوم سے دہشت گردی اور بھتہ خوری کے لئے اسلحہ کی خریداری کے بارے میں رینجرز کی رپورٹ اور اس کے مضمرات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں چاروں صوبوں میں پارٹی کی تنظیم نو پر بھی غور ہوگا۔