ملتان: زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق، 2 زخمی
ملتان (نمائندہ خصوصی) زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے 2 بہنوں سمیت ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاںبحق اور 2 زخمی ہو گئے۔ جاںبحق ہونے والوں میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔ پانچ افراد کے جاں بحق ہونے پر علاقے میں قیامت صغریٰ کا منظر‘ رشتہ دار دھاڑیں مار کر روتے رہے۔ تفصیل کے مطابق خواجہ غریب آباد وہاڑی روڈ کے عبدالمجید کے گھر کی چھت بوسیدہ تھی۔ اس نے گھر میں ایک کمرے کی تعمیر کا کام بھی شروع کروا رکھا ہے۔ تعمیراتی سامان بوسیدہ کمرے کی چھت پر رکھا ہوا تھا کہ چھت یہ وزن برداشت نہ کر سکی اور صبح کے وقت گر گئی جس سے 7 افراد ملبہ کے نیچے دب گئے۔ چھت گرنے کی اطلاع پر علاقے کے لوگ جمع ہو گئے۔ اس دوران ریسکیو 1122 کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا۔ انہوں نے ملبہ کے نیچے دب جانے والے افراد کو نکالا اور انہیں نشتر ہسپتال منتقل کیا جہاں پر عبدالمجید کی بیوی 50 سالہ صابراں بی بی‘ اس کی بہو 30 سالہ رضیہ بی بی اور عبدالمجید کی دو پوتیاں 2 سالہ ماہم اور 3 سالہ اریبہ جاں بحق گئیں۔ عبدالمجید کی ایک رشتہ دار عطیہ بی بی فیصل آباد سے مہمان آئی ہوئی تھی وہ بھی اس حادثہ میں چل بسی۔ چھت گرنے سے 5 سالہ حیدر علی اور 30 سال ابیلہ زخمی ہو گئیں۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے چھت گرنے سے 5 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے چھت گرنے کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔