کراچی: مقابلے میں 2دہشت گرد ہلاک علیحدگی پسند تنظیم کا کارندہ اور تھانیدار گرفتار
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے لیاری گل محمد سیف میں رینجرز سے مقابلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے، ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد ارسلان کا تعلق بابا لاڈلہ گروپ جبکہ دہشت گرد محمد ناصر کا تعلق عزیر بلوچ گروپ سے تھا، دونوں ملزم 30سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث تھے۔ دریں اثناء قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ڈیفنس سے پولیس افسر کو حراست میں لے لیا، ذرائع کے مطابق اے ایس آئی فرحان کا تعلق سپیشل برانچ سے ہے اور ایئرپورٹ سرویلنس میں تعینات ہے، فرحان سے اغواء برائے تاوان کی وارداتوں کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں ماڑی پور میں سی ٹی ڈی نے کارروائی میں علیحدگی پسند تحریک کا دہشت گرد گرفتار کرلیا، انچارج سی ٹی ڈی علی رضا کے مطابق ملزم بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کیلئے کام کرتا تھا ملزم کا تعلق قوم پرست جماعت کے شفیع مروت گروپ سے ہے ملزم سے 15کلو بارودی مواد ، ٹی ٹی پستول اور ایک ڈیٹونیٹر برآمد کرلیا گیا، ملزم عرفان ریلوے ٹریک پر دھماکوں میں ملوث ہے، ملزم نے زمزمہ مارکیٹ میں ساتھی نوید چولانی کے ہمراہ دھماکہ خیز مواد رکھا اور گلشن حدید میں مسجد کے باہر بھی دھماکہ کیا ملزم نے حیدر آباد میں ہونے والے دھماکوں کااعتراف کیا دہشت گرد سے ملنے والی ڈائری میں بھارت کے نمبرز درج ہیں۔