لاہور میں تیز آندھی، بارش، کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے: خانیوال میں بجلی گرنے سے 2 بھائی جاں بحق، لوڈشیڈنگ جاری
لاہور (نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) چھٹی کے روز بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہو گئی جبکہ معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے۔ شیخوپورہ میں 3مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش ہوئی جس کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔ خانیوال میں آسمانی بجلی گرنے سے 2طالب علم بھائی جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق شہروں اور دیہات میں طویل لوڈشیڈنگ پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت رہی۔ عارفوالا سے نامہ نگار کے مطابق گرمی کی شدت برداشت نہ کرتے ہوئے دو افراد دم توڑ گئے جبکہ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام نے شدید احتجاج کیا۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق تیز آندھی کے باعث کئی مقامات پر سائن بورڈ گر گئے جس کے باعث 3راہگیر زخمی ہو گئے۔ اٹھارہ ہزاری سے نامہ نگار کے مطابق اٹھارہ ہزاری اور اسکے نواحی علاقوں میں آنیوالی تیز بارش اور آندھی سے مکان کی چھت اور دیوار گرنے سے دو کم سن بچے شدید زخمی جبکہ ایک محنت کش کی 6بھیڑیں ہلاک ہو گئیں۔ ادھر خانیوال کے علاقے مونگا والا میں آسمانی بجلی گرنے سے دو طالب علم بھائی جاں بحق ہو گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق مزمل حسین آٹھویں جبکہ فہد حسین تیسری جماعت کا طالب علم تھا۔ہلاکتوں سے گھر میں صف ماتم بچھ گئی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق شہر اور گردونواح میں بدترین لوڈشیڈنگ پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ طویل ترین لوڈشیڈنگ کے باعث مساجد، گھروں اور دفاتر میں پانی کی شدید قلت ہو گئی جبکہ لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں نے 3مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے۔ بھوئے آصل سے نامہ نگار کے مطابق کوٹ رادھا کشن میں سوئی گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ تیسرے روز بھی جاری رہی، شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔ سوئی گیس کے پریشر میں شدید کمی کی وجہ سے گھریلو خواتین کو امور خانہ داری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ادھر ملتان میں شدید آندھی اور بارش کے باعث 50فیڈر ٹرپ کر گئے اور کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے رواں سال معمول سے زیادہ بارشوں کی توقع ہے۔ یکم جولائی سے پری مون سون اور 20 جولائی سے مون سون بارشیں شروع ہوں گی جبکہ آج پیر سے فلڈ سیزن کا آغاز ہورہا ہے۔ بارشوں کا یہ سلسلہ جون کے رواں ماہ کے آخر میں شروع ہوگا۔