ڈیرہ بگٹی: بارودی مواد کا دھماکہ، 3 اہلکار زخمی، چمن میں اے این پی کا رہنما قتل
ڈیرہ بگٹی+ تربت+ چمن (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) ڈیرہ بگٹی میں لیویز تھانے کے قریب بارودی مواد کے دھماکے میں تین لیویز اہلکار زخمی ہوگئے۔ چمن کے علاقے گلستان میں فائرنگ سے اے این پی کا رہنما نعمت اللہ کاکڑ جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ بگٹی میں دھماکہ ٹلی مٹ میں لیویز تھانے کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں نائب رسالدار میاں خان، سپاہی میر احمد اور سپاہی سراج زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزموں کی تلاش شروع کردی۔ زخمیوں کو پی پی ایل ہسپتال سوئی منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں تربت کے علاقے گلگت میں نیشنل پارٹی کے رہنما ڈاکٹر یاسین بلوچ کے گھر پر دستی بم سے حملہ اور فائرنگ کی گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ لیویز ذرائع کے مطابق حملے کے وقت ڈاکٹر یاسین بلوچ گھر پر موجود نہیں تھے۔ ادھر ڈیرہ اسماعیل خان میں سڑک کنارے جھاڑیوں میں دستی بم کا دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی جگہ سے مزید 4 دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔ دھماکہ میں کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ادھر کوئٹہ شہر میں دفعہ 144 میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی گئی۔ سیکرٹری داخلہ بلوچستان اکبر درانی کے مطابق شہر میں ڈبل سواری، اسلحہ کی نمائش اور 5 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی مزید ایک ہفتہ رہے گی۔