امریکی این جی او سیو دی چلڈرن پر پابندی اٹھا لی گئی: دفتر دوبارہ کھولنے کی اجازت
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نیٹ نیوز+ آئی این پی+ رائٹر) وزارت داخلہ نے امریکی این جی او سیو دی چلڈرن پر پابندی کا حکم نامہ معطل کرکے اس پر عائد پابندی اٹھا لی ہے۔ یہ پابندی اٹھانے کی بظاہر کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔ سیو دی چلڈرن کا سیل کیا گیا دفتر دوبارہ کھولنے کا نیا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ وزارت داخلہ نے ہنگامی نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مجاز اتھارٹی نے حکم کے مطابق سیو دی چلڈرن کے دفاتر بند کرنے کے حوالے سے پہلے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو منسوخ کر دیا ہے۔ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ اگلے حکم نامہ تک امریکی این جی او پاکستان میں اپنے آپریشنز جاری رکھ سکتی ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ حکام کی اجازت سے این جی او سیو دی چلڈرن کا دفتر دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے، نوٹیفکیشن کی کاپیاں اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھیج دی گئی ہیں، اقتصادی امور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے سیو دی چلڈرن پر عائد پابندی اٹھانے کا فیصلہ امریکہ اور مختلف ڈونرز اداروں کے شدید دبائوکے بعد کیا۔ اقتصادی امور ڈویژن نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں 127 غیرملکی این جی اوز غیرقانونی طور پر کام کر رہی ہیں ان این جی اوز نے اقتصادی امور ڈویژن سے ریگولیشن پالیسی کے تحت تعاون کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس حوالے سے فہرست وزارت داخلہ کو بھیج دی گئی ہے۔ فہرست کے مطابق 34 امریکی این جی اوز غیرقانونی طور پر کام کر رہی ہیں، فہرست میں شامل غیرقانونی طور پر کام کرنے والی این جی اوز میں سے 19 کا تعلق برطانیہ سے ہے۔ ذرائع کے مطابق این جی او سے متعلق صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے وزیر داخلہ نے آئندہ 48 گھنٹوں میں اجلاس طلب کیا ہے جس میں وزارت خارجہ ، وزارت اقتصادی امور اور حساس اداروں کے حکام شریک ہوں گے جس میں واچ لسٹ پر موجود 126این جی اوز کے مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق این جی او کے افسروں نے مختلف سیاست دانوں اور بیورو کریٹس سے رابطے کئے جس کے بعد وزارت داخلہ نے نیا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ سیو دی چلڈرن کے ترجمان نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ رائٹر کے مطابق انٹرنیشنل ڈونرز کی جانب سے امدادی تنظیموں کے خلاف کارروائی کے اعلان پر تشویش کے اظہار کے بعد حکومت نے سیو دی چلڈرن کے دفاتر بند کرنے کا حکم نامہ معطل کر دیا یہ بات ایک افشا ہونے والے خفیہ خط میں بتائی گئی ہے۔ جمعرات کو اس تنظیم کے دفاتر کو تالہ لگا دیا گیا تھا۔ اس پر امریکہ کا بھی ردعمل سامنے آیا تھا۔ رائٹر کے مطابق سیو دی چلڈرن کا کہنا ہے کہ اسے اس کے دفاتر بند کرنے یا دوبارہ کھولنے کے حوالے سے کوئی احکامات نہیں ملے۔ سرکاری طور پر ہمیں کچھ نہیں بتایا گیا۔ نئے حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ پرانا حکم نامہ آئندہ احکامات تک معطل رہے گا۔
اسلام آباد (طاہر نیاز / دی نیشن رپورٹ) بظاہر پاکستانی حکام اور سیو دی چلڈرن کے درمیان خاموش مفاہمت ہوگئی ہے جس کے باعث دونوں جانب سے اس حوالے سے لچک کا مظاہرہ کیا گیا۔ حکومت نے تنظیم کے دفاتر بند کرنے کا حکم نامہ معطل کیا تو سیو دی چلڈرن نے فوری طور پر خیبر پی کے اور بلوچستان سے عملہ واپس بلانے پر رضامندی ظاہر کی۔ دوسری جانب مقامی پولیس ابھی تک اسکے دفتر کے باہر تعینات ہے۔