• news

اقتصادی راہداری ’’قسمت بدلنے‘‘ کا منصوبہ، بیرون ملک سے لوگ روزگار کیلئے پاکستان آئینگے: عالمی ادارے

اسلام آباد(آن لائن) بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی ایک تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ دہائی میں پاکستان خطے کے ان ملکوں میں شامل ہو جائیگا جہاں بیرون ملک سے روزگار کیلئے لوگ آئیں گے۔ عالمی بینک اور بین الاقوامی فنڈ برائے زرعی ترقی کی جاریکردہ رپورٹ کے مطابق اسوقت ملائیشیا اور تھائی لینڈ میں ایک کثیر تعداد میں دوسرے ملکوں سے آئے لوگ اپنی روزی کما رہے ہیں اور آئندہ دہائی میں یہی صورتحال پاکستان اور بھارت کی بھی ہو گی۔ دہشت گردی اور توانائی کے بحران سے پاکستان کی معیشت کو گزشتہ چند برس میں شدید نقصان پہنچا لیکن دو برس کے دوران حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات سے عہدیداروں کے بقول ملکی معیشت اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کی طرف گامزن ہے۔ اربوں ڈالر کے چین، پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو بھی پاکستان میں ترقی و خوشحالی کیلئے ایک قسمت بدلنے کا منصوبہ قرار دیا جارہا ہے۔ اقتصادی امور کے ماہر سلمان شاہ نے کہا ہے کہ آنیوالے برسوں میں ایسے غریب ممالک جہاں امن و امان کی صورتحال خراب ہو وہاں سے شاید کسی حد تک لوگ پاکستان آئیں لیکن روزگار کیلئے کسی بڑی تعداد میں لوگوں کا یہاں کا رخ کرنے میں ابھی بہت وقت درکار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن