لاہور میں 41 لاکھ کے ڈاکے، کامونکے میں مزاحمت پر فائرنگ سے نوجوان زخمی
لاہور+ کامونکے (نامہ نگاران) لاہور کے مختلف علاقوں میں 41 لاکھ کے ڈاکے، چوریاں جبکہ کامونکے میں مزاحمت پر فائرنگ سے نوجوان زخمی ہو گیا۔ ڈاکوئوں نے جنوبی چھائونی کے ارشدکے گھر سے 8 لاکھ روپے، شمالی چھائونی کے رہائشی منظورکے گھر سے7 لاکھ روپے، فیصل ٹائون میں ریاض کے گھر سے 6 لاکھ روپے، ساندہ کے علاقے میں مہر فیاض علی کے گھر سے5 لاکھ روپے، مغلپورہ میں مہربان کے گھر سے4 لاکھ روپے، ہربنس پورہ میں منیر شاہ کے گھر سے اڑھائی لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نے ڈیفنس اے میں منظور سے 5 لاکھ روپے اور موبائل فون، غالب مارکیٹ میں احمد بخش سے 70ہزار روپے اور موبائل فون، شاہدرہ میں عامر سے 55 ہزار، جوہر ٹائون کے علاقے میاں پلازہ کے سامنے افضل سے 67ہزار، ساندہ کے علاقہ میں مین روڈ پر واقع شادی ہال کے قریب عمران سے 35 ہزار، ہنجروال میں ڈاکوئوں نے عبدالرشید سے 92 ہزار، شفیق آباد میں زاہد سے18ہزار، غازی آباد کے علاقہ تاج پورہ سکیم میں فیض سے 17ہزار، اقبال ٹائون کے علاقے نیلم بلاک میں فاروق سے37 ہزار روپے اور موبائل فونز لوٹ لئے۔ چوروں نے گلشن اقبال سے طارق، مزنگ سے سرفراز ، راوی روڈ سے پرویز کی کاریں جبکہ ساندہ سے شرافت، شفیق آباد سے منیر،گوالمنڈی سے مزمل، اقبال ٹائون سے شہزاد، موچی گیٹ سے راشد، ہنجروال سے منورکی موٹر سائیکلیںچوری کرلی ہیں۔ علاوہ ازیں کامونکے میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوئوں نے نوجوان کو گولی مارکر زخمی کر دیا۔ گزشتہ روز چار بجے کے قریب ٹھٹھہ رائو کا 22 سالہ امداد حسین موٹر سائیکل پر نارنگ منڈی سے واپس گھر جا رہا تھا راستہ میں دو مسلح ڈاکو لفٹ کے بہانے ساتھ بیٹھ گئے اور بعدازاں کالی صوبہ کے نزدیک اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکل چھینتے ہوئے اسے مزاحمت پر گولی مارکر موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔ زخمی رورل ہیلتھ سنٹر واہنڈو میں علاج معالجہ کے لئے پہنچا دیا گیا ہے۔