قاتل جان گئے قوم سانحہ ماڈل ٹائون کو نہیں بھولی: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ ملک گیر احتجاجی ریلیوں سے قاتل جان گئے کہ قوم سانحہ ماڈل ٹائون کے ظلم کو نہیں بھولی اور نہ انصاف ملنے تک چین سے بیٹھے گی، انہوں نے کراچی، اسلام آباد، سکھر، ایبٹ آباد، ڈی آئی خان، گھوٹکی، حیدر آباد، لاڑکانہ، کوئٹہ اور سبی میں جے آئی ٹی کی رپورٹ کے خلاف اور شہدائے ماڈل ٹائون سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی جانے والی ریلیوں میں بھر پور شرکت کرنے پر کارکنوں و دیگر سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا، ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ماڈل ٹائون کے مجرم کتنے ہی طاقتور، کالے دھن والے اور مکار سہی مگر بے گناہ خون بہانے پر وہ اسی دنیا میں حساب دے کر رخصت ہونگے ۔گونگا، بہرہ اور بے حس نظام مظلوموں کی آواز نہیں سن رہا۔ عوامی تحریک کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق کراچی میں نمائش چورنگی سے تبت سنٹر تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کی انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ایک ہی نعرہ ہے’’انصاف دو یا ہمیں بھی مار دو‘‘ جب تک سانس چل رہی ہے شہدائے ماڈل ٹائون کے انصاف کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے، اسلام آباد میں میلوڈی چوک سے آبپارہ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، قیادت خرم نواز گنڈا پور نے کی، ریلی میں سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون میں وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم ملوث ہیں، اسکے نا قابل تردید ثبوت میڈیا کی فوٹیج اور شہدا کے بہنے والے خون کی صورت میں موجود ہیں۔ ایبٹ آباد میں سانحہ ماڈل ٹائون کے خلاف بہت بڑی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ناظم اعلیٰ تنظیمات شیخ زاہد فیاض نے کی۔ ریلی سے ضلعی صدر غلام رسول ،ضلعی امیر جاوید ہزاروی، حاجی محمد ارشادنے خطاب کیا۔ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی طبیعت سنبھل گئی‘ ڈاکٹرز نے سفر کی اجازت دیدی۔ رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری پاکستان میں قیام کے دوران مختلف شہروں میں اجتماعات میں شرکت کریں گے اور سانحہ ماڈل ٹائون میں جاں بحق ہونے والے 14 کارکنوں کو انصاف فراہم کروانے کے لئے تحریک کا بھی آغاز کریں گے۔