شادیوں میں فائرنگ، اوکاڑہ میں بچہ جاں بحق، فیصل آباد: 4 بچے زخمی
اوکاڑہ + فیصل آباد + لاہور (نامہ نگار + نمائندہ خصوصی + خبرنگار) شادی کی تقریب میںفائرنگ سے 12 سالہ لڑکا فائرنگ کی زد میں آنے سے جاں بحق ہوگیا۔ چک 39 فور ایل میں ایک شادی کی تقریب میں فائرنگ کے نتیجے میں محمد الطاف حسین کا 12 سالہ بیٹا سمیع الطاف فائرنگ کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے بچے کی ماں پر غشی کے دورے پڑگئے اور گھر میں صف ماتم بچھ گئی۔ علاوہ ازیں فیصل آباد کے نواحی علاقے سید والہ کے قریب بھی شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے بجلی کا تار ٹوٹ کر گر گیا جس سے چار بچے زخمی ہوگئے جن کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے اوکاڑہ کے نواحی گائوں اور فیصل آباد میں شادی کی تقاریب کے دوران فائرنگ کے واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اضلاع کے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہوائی فائرنگ کے واقعات میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کرنے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اوکاڑہ میں ہوائی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے بچے کے لواحقین سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا اور فیصل آباد انتظامیہ کو زخمی 4بچوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔