افغانستان : طالبان اور داعش کے حامیوں کی لڑائی میں شدت، شہریوں کی نقل مکانی
کابل (نوائے وقت رپورٹ+رائٹرز) افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے افغان صوبے قندھار میں بچوں کی پولیو ویکسی نیشن پر پابندی عائد کر دی۔پولیس کی تنخواہوں کے فنڈز کے معاملے پر افغان حکومت اور اقوام متحدہ میں جھگڑا پیدا ہو گیا ہے۔ عالمی ادارہ چاہتا ہے اسکی ڈونر ایجنسیوں کے تحت تنخواہیں دی جائیں جبکہ افغان حکومت چاہتی ہے سارے معاملات پر اسکا کنٹرول ہو دونوں فریق الجھن میں پھنس گئے ہیں۔ مشرقی علاقوں میں طالبان اور دولتِ اسلامیہ کے حامیوں کے مابین شدید لڑائی کی وجہ سے مقامی آبادی نقل مکانی پر مجبور ہوگئی ہے۔ جھڑپوں کا یہ سلسلہ گذشتہ کئی ہفتے سے جاری ہے اور ان کی وجہ سے نقل مکانی کر کے جلال آباد پہنچنے والے افراد کا کہنا ہے کہ یہ جھڑپیں اتنی شدید ہیں کہ ایسا معلوم ہو رہا ہے کہ علاقے میں کوئی انقلاب آ گیا ہے۔ افغان حکام کا کہنا ہے کہ دونوں شدت پسند گروپوں کے درمیان حالیہ لڑائی میں اب تک سو افراد مارے جا چکے ہیں۔ حال ہی میں افغانستان میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے ایک رہنما مولوی عبدالرحیم مسلم دوست نے بی بی سی سے خصوصی بات چیت میں کہا تھا کہ ان کے افغان طالبان کے خلاف ہتھیار اٹھانے کی ایک وجہ ان کا ہمسایہ ملک پاکستان کے مفادات کے لیے کام کرنا بھی ہے۔