داعش میں شامل لڑکا برطانیہ کا سب سے کم عمر خودکش بمبار بن گیا
لندن (رائٹرز) برطانیہ چھوڑ کر داعش میں شامل ہونیوالا 17 سالہ لڑکے نے شمالی عراق میں کار دھماکے میں خود کو اڑا لیا۔ جنگجوئوں نے اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی ہیں۔ ابو یوسف البریطانی برطانیہ کا سب سے کم عمر خود کش بمبار بن گیا ہے۔ اخبار گارڈین کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تصاویر اور اطلاعات کے مطابق ابو یوسف نے عراقی صوبے صلاح الدین میں خود کش حملہ کیا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ حملہ آور مارچ میں ویسٹ یارک شائر چھوڑنے والا طلحہ اسمل ہے۔ طلحہ اسمل کے اہل خانہ نے بتایا کہ وہ تصدیق کرتے ہیں کہ ابو یوسف البریطانی کے طور پر ظاہر کیا جانے والا طلحہ اسمل ہے تاہم برطانوی حکام نے ابھی اس کی تصدیق نہیں کی اور اس بارے میں حقائق تک پہنچنے کی کوششیں جاری ہیں۔ سکیورٹی سروسز کے مطابق 600 کے قریب برطانوی شہری جنگجو گروپ میں شمولیت کے لئے عراق یا شام جا چکے ہیں۔