سیو دی چلڈرن کے دفاتر بند کرنے کا فیصلہ واپس نہیں لیا،ابھی تک تالا لگا اور آپریشن معطل ہے: متاثرہ این جی او
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثارعلی خاں نے واضح کیا ہے کہ بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیم کے دفتر کو ڈی سیل نہیں کیا، اسکے خلاف کارروائی جاری ہے کوئی عالمی دبائو نہیں، تمام این جی اوز کو ضابطے کے اندر رہ کر کام کرنے کی اجازت ہوگی، دفاتر بند کرنے کا فیصلہ کیا نہ وزارت داخلہ نے پسپائی اختیار کی۔ بین الوزارتی کمیٹی اپنی سفارشات جلد مرتب کرلے گی ، این جی اوز کو تین درجوں میں تقسیم کیا، ہر این جی او کو قانون کے دائرے میں رہ کام کرنے کی اجازت ہونی چاہئے، اگر کسی نے ریڈ لائن کراس کی تو اس کے ثبوت سامنے رکھے جائینگے، سارا نظام اقتصادی امور سے لیکر وزارت داخلہ کو دیا جائے، گزشتہ ایک سال کے دوران کئی ویزوں کی تجدید نہیں کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف این جی اوز پر پابندی لگی ویزے ختم ہوئے ، بعض کے دفاتر سیل ہوئے۔ ہمارا بنیادی مقصد شفافیت لانا تھا۔ اس وقت سینکڑوں کی تعداد میں عالمی این جی اوز پاکستان میں کام کررہی ہیں، انکو تین درجوں میں تقسیم کیا گیا ، گرین وہ این جی اوز ہوں گی جو اجازت نامے اور ضابطے کے مطابق کام کررہی ہیں، ییلو درجے کی این جی اوز وہ ہیں جو کام تو ٹھیک کررہی ہیں مگر اجازت ایک جگہ کی ہے اور کام دوسری جگہ کررہی ہیں ، جیسے انہیں اجازت نامہ صرف پنجاب کا دیا گیا تھا مگر وہ فاٹا اور گلگت بلتستان چلی گئی ہیں، ’’سیو دی چلڈرن‘‘ کو 1997ء میں اجازت نامہ دیا گیا تھا، نظام اقتصادی امور سے لے کر وزارت داخلہ کو دیا جائے جب تک بین الوزارتی کمیٹی طریقہ کار وضع نہ کرلے اس وقت تک کسی کو ریڈ بک میں ڈالا جائے گا نہ ہی نکالا جائے گا۔ترک خاتون اول کے ہار کے معاملے کی تحقیقات ایف آئی اے کر رہی ہے، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیان سے غرض نہیں۔ دریں اثنا حکومت پاکستان کی جانب سے پابندی اٹھائے جانے کے باوجود امریکی این جی او سیو دی چلڈرن نے کہا ہے کہ اس کے پاکستان میں دفاتر بدستور بند ہیں اور اس کا آپریشن معطل ہے۔ اس سے قبل وزارت داخلہ کے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک میمورنڈم کی بنیاد پر بتایا گیا تھا کہ وزارت داخلہ نے این جی او کے آپریشنز روکنے کا حکم نامہ معطل کردیا ہے تاہم وزارت داخلہ نے اس دستاویز کی ابھی تصدیق نہیں کی۔ اے ایف پی کے مطابق سیو دی چلڈرن کے دفتر کی حفاظت پر مامور پولیس افسر نے بتایا کہ دفتر کو ابھی تک تالہ لگا ہوا ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم نواز شریف نے اعلیٰ سطح کی بین الوزارتی خصوصی کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ بین الاقوامی این جی اوز سے متعلق قوانین کا جائزہ لیکر جلد رپورٹ پیش کرے۔