• news

پاکستان کے پاس 120، بھارت 100 ایٹمی ہتھیار رکھتا ہے، دونوں تعداد بڑھا رہے ہیں: رپورٹ

نیویارک (آن لائن) انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے کہا ہے کہ جوہری ہتھیار رکھنے والے ممالک اپنے ہتھیاروں کے ذخائر کو اپ گریڈ کر رہے ہیں۔ بھارت اور پاکستان اپنے جوہری ہتھیاروں میں مسلسل اضافہ کررہے ہیں۔ سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے اپنی سالانہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ عالمی سطح پر تخفیف اسلحہ کے رحجان کے باوجود جوہری ہتھیاروں کو اپ گریڈ کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ 2010سے 2015کے درمیان 90فیصد جوہری ہتھیار رکھنے والے امریکہ اور روس نے بڑی تعداد میں نیوکلیئر وارہیڈز میں کمی کی، جس کے بعد دنیا بھر میں موجود 22400 وارہیڈز کم ہو کر 15850ہو گئے۔ تاہم اس کے باوجود ان ممالک نے وسیع اور مہنگے طویل المدتی ’’ماڈرنائزیشن پروگرام‘‘ بھی تیار کیے۔ رپورٹ کے مطابق تسلیم شدہ جوہری طاقت کے حامل دیگر 3بڑے ملکوں میں چین کے پاس 260، فرانس کے پاس 300 اور برطانیہ کے پاس 215 وارہیڈز ہیں اور یہ تینوں بھی جوہری ہتھیاروں کا نیا نظام ترتیب دے رہے ہیں انہیں ترقی دے رہے ہیں۔ دیگر ایٹمی ملکوں میں بھارت کے پاس 90 سے 100وارہیڈز، پاکستان کے پاس 100سے 120 وارہیڈز اور اسرائیل کے پاس 80وارہیڈز ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت اور پاکستان مسلسل اپنے جوہری ہتھیاروں میں اضافہ کررہے ہیں جبکہ اسرائیل نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کے تجربات کیے ہیں۔ شمالی کوریا کے پاس 6 سے 8 وارہیڈز ہوسکتے ہیں، لیکن درست تعداد بتانا مشکل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن