بجلی کی طویل بندش جاری، مرید کے میں احتجاج ، پولیس کا لاٹھی چارج، کئی زخمی
لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) لاہور سمیت پنجاب کے تمام بڑے شہروں اور دیہات میں بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ رات گئے ہونیوالی بارش کے باعث ٹرپ ہونیوالے کئی فیڈرز تاحال مکمل طور پر بحال نہیں کیے جا سکے جس کی وجہ سے لاہور کے درجنوں علاقوں سمیت نواحی اضلاع کے دیہاتوں میں شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔ معمول کے مطابق شہروں میں دو گھنٹے بعد ایک گھنٹہ جبکہ دیہات میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ نے شدید گرمی میں شہریوں کو اذیت میں مبتلا کئے رکھا۔بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے برقی تنصیبات کی مرمت کے نام پر مختلف گرڈ سٹیشنز کے درجنوں فیڈرز بند کر کے آٹھ آٹھ گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی کی گئی۔ سرکاری شیڈول کے برعکس شہروں میں8سے10جبکہ دیہات میں16گھنٹے کیلئے بند رکھی جا رہی ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب لیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث ٹرپ کر جانیوالے فیڈرز کی مرمت کر کے بجلی بحال کر دی گئی ہے۔ مریدکے میں لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور مریدکے نارووال روڈ بلاک کردی گئی۔ پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کردیا جس سے کئی افراد زخمی ہوگئے اور 8 دیہاتوں کو گرفتار کرلیا۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق 3 دن سے بجلی اور گیس کی بندش کیخلاف سینکڑوں دیہاتیوں نے مریدکے نارووال روڈ بند کردی۔ پولیس نے مظاہرین، بچوں، عورتوں اور بوڑھوں پر لاٹھی چارج کردیا اور 8 دیہاتی گرفتار کرلئے۔ بستی شہزاد ٹائون کے سینکڑوں دیہاتیوں نے مریدکے نارووال روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے اسے بند کردیا جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ دیہاتی واپڈا اور گیس افسران کے خلاف برتن اٹھا کر ماتم اور سینہ کوبی کرتے رہے۔ تھانہ صدر مریدکے نے اطلاع ملنے پر ٹریفک کھلوانا چاہی لیکن دیہاتیوں نے انکار کردیا جس پر پولیس نے ظالمانہ لاٹھی چارج کرکے درجنوں بچوں عورتوں کو زخمی کردیا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد شہر کے فاروق اعظم فیڈر پر گزشتہ روز 16 گھنٹے تک مسلسل بجلی بند رہی جس پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نارنگ منڈی اورگردونواح میںموسلادھاربارش سے بجلی کی تاریں ٹوٹ گئی جس کے باعث نارنگ منڈی بریار کالاخطائی جنڈیالہ رتہ پیراں کوٹ بھیلاں سمیت درجنوںدیہات میںدس گھنٹے بجلی بند رہنے سے عوام کوشدید پریشانی اٹھانا پڑی۔ کئی شہروں میں پانی کی بھی قلت رہی اور لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔ فیصل آباد میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا جس پر شہری بلبلا اٹھے۔ کھرڑیانوالہ میں اڈہ جوہل شیخوپورہ روڈ کو شہریوں نے ٹریفک کیلئے بند کر دیا اور توڑ پھوڑ کی اور فیسکو انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی بھی کی۔ روڈ بلاک ہونے سے فیصل آباد، لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں کی ٹریفک معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ شورکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹے سے تک جا پہنچا شہری گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ پر بلبلا اٹھے۔ علاوہ ازیں وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں سحری و افطار ی کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی، وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر شہروں میں6اور دیہاتوں میں8گھنٹے سے زیادہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی،ماہ رمضان میں صنعتی سیکٹر کیلئے8گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کریں گے تاکہ گھریلو صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔ البتہ جن علاقوں میں بجلی چوری، لائن لاسسز کی شرح زیادہ اور ریکوری کم ہے وہاں بجلی بندش کا دورانیہ 18سے20گھنٹے تک بھی ہو سکتا ہے کیونکہ جو صارف بل نہیں دے گا اسے کسی بھی صورت بجلی فراہم نہیں کریں گے ۔سحرو افطار کے وقت ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی مانیٹرنگ ٹیمیں کام کرتی رہیں گی جن کی میں خود نگرانی کروں گا۔ اووربلنگ کی شکایت درست ثابت ہونے پر متعلقہ میٹر ریڈر کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے قانونی کارروائی عمل میںلائیں گے ۔لیسکو کے 22افسران کو محکمانہ غفلت کی بناء پر نوکری سے برطرف جبکہ 42ملازمین کو نااہلی پر سٹیپ ڈائون کر دیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لیسکو ہیڈ کوارٹر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عابد شیر علی نے بتایا کہ نیلم جہلم منصوبے کا فیز ون دسمبر2016ء سے قبل مکمل کر لیا جائیگا جس سے 3600 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو لیسکو قیصر زمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لیسکو کی ریکوری 97 فیصد جبکہ بجلی چوری و لائن لاسسز 12.5 فیصد ہیں ۔ لیسکو کے پاس 500 سے زائد بجلی ٹرانسفارمرز موجود ہیںجو ہنگامی صورتحال کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں نصب کئے جا سکیں گے۔ رمضان المبارک میں شہریوںکو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے لوڈ مینجمنٹ پلان تیار کر لیا ہے۔