لاہور ہائیکورٹ بار کا اجلاس، مودی کے بیان کیخلاف متفقہ مذمتی قرارداد
لاہور (وقائع نگار خصوصی + اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا اجلاس گزشتہ روز ہوا جس میں بھارتی وزیراعظم نریند مودی کے بیان کیخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے اور پاکستان کے خلاف بیان کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے ان بیانات کیخلاف فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ صدر لاہور ہائیکورٹ بار پیر محمد مسعود چشتی نے جنرل ہائوس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارتی حکام کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم اپنی سرزمین کا دفاع کرنا جانتے ہیں اور اگر کوئی حملہ ہوا تو پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لڑے گی۔ بھارتی وزیر اعظم نے پہلے بھی مسلمانوں کی نسل کشی کی ہے جو کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایٹمی طاقت ہیں اور ہم اپنادفاع کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے منہ توڑ جواب کی حمایت اور تعریف کرتے ہیں ۔ اس موقع پر وزارت خارجہ کو فوری ایکشن لیتے ہوئے بیان جاری کرنا چاہیے اور کسی کو ہمت نہ ہو کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے۔ بار کے صدر نے سانحہ ڈسکہ کے حوالے سے کہا کہ ایس ایچ او کے خلاف مقدمہ کا چالان پیش ہو گیا ہے جس کی پیشی تھی جس میں ملزم نے درخواست دی ہے کہ مجھے وکیل کرنے کا موقع دیا جائے اس پر عدالت نے جمعرات تک کا ٹائم دیا ہے جس کے بعد روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت ہوگی۔ سانحہ ڈسکہ کے سلسلہ میں لیگل ٹیم کا اجلاس سیالکوٹ یا گوجرانوالہ میں رکھیں گے تاکہ تمام قانونی پہلوئوں کا جائزہ لے کر روزانہ کی بنیاد پر سماعت کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس سے محمد احمد قیوم، پیر اشرف علی قریشی، منیر بھٹی، رفیق جھٹول نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ڈسکہ تاریخ کا بہت بڑا المیہ ہے ۔ اس دکھ بھرے لمحہ میں تمام ہائیکورٹس بار، ڈسٹرکٹ بار، سب ڈویژنل بار متحد ہیں۔ علاوہ ازیں ایوان عدل بار روم میں سانحہ ڈسکہ،چونیاں اور لاہور میں وکیل کے بیٹے کے قتل کیخلاف ر لاہور بار کی جانب سے وکلاء کے جنرل ہائوس کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں کراچی سے آئے ہوئے وکلاء رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر لاہور بار چودھری اشتیاق احمد خان نے کہا کہ ہم کراچی بار کے وفد کو لاہور بار ایسوسی ایشن سے اظہار یکجہتی کے لئے آنے پر سلام پیش کرتے ہیں اور میں انہیں سے کہوں گا کہ وہ ڈسکہ بھی جائیں پولیس نے ڈسکہ میں نہتے وکلاء پر گولیاں برسائیں مسعود اختر ایڈووکیٹ کے بیٹے کو لاہور پولیس نے شہید کیا اور اسے صرف وکیل کا بیٹا ہونے کی سزا دی گئی چونیاں کا واقعہ آپ کے سامنے ہے۔ قاتلوں کو پھانسی دلوائیں گے کراچی سے آئے وکلاء رہنما جاوید عباس ظفر نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قانون کے رکھوالوں کو انصاف دیا جائے۔