• news

بھارتی پروپیگنڈا بلا جواز ہے: پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ضرور مکمل کیا جائیگا: صدر ممنون

اسلام آباد (آئی این پی) صدر ممنون حسین نے کہاہے کہ بھارت پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بلاجواز پروپیگنڈہ کر رہا ہے جب کہ یہ منصوبہ صرف بھارت ہی نہیں بلکہ کئی دیگر ممالک کو بھی ہضم نہیں ہو رہا۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بھارت سمیت دیگر ممالک کے تحفظات بلاجواز ہیں جب کہ حکومت نے تہیہ کر رکھا ہے کہ ملکی روشن مستقبل کے لئے منصوبے کو ضرور مکمل کیا جائے گا اور اس حوالے سے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لئے قوم کو حکومت اور پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا اور عوام اقتصادی منصوبے پر بھارت کی جانب سے کئے جانے والے پروپیگنڈے پر مشتعل نہ ہوں بلکہ اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھیں، حکومت ملک میں معیشت کی بحالی، اندرونی سکیورٹی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی فوج اور عوام کی مدد سے تمام چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے جب کہ ملک کی حفاظت کے لئے قوم اور مسلح افواج نے عظیم قربانیاں دی ہیں جن کی بدولت پاکستان پرامن اور خوشحال ملک بنے گا۔ بھارت اقتصادی راہداری کے منصوبے کو کامیاب ہوتا نہیں دیکھ پا رہا، ہمیں دانشمندی سے اس منصوبے کے خلاف مذموم مقاصد کو ناکام بنانا ہے، پاکستان تمام چیلنجز پر قابو پانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ دہشت گردی کے حوالہ سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام امن اور خوشحالی چاہتے ہیں ، پاکستان کی مسلح افواج نے ملکی دفاع میں قابل قدر قربانیاں دی ہیں ، صدر نے بعد میں کامیاب ہونے والے طلبا میں اسناد بھی تقسیم کیں۔ صدر نے کہا کہ ملک میں تعلیم کے فروغ کیلئے سب سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ صدر نے کہا کہ ہمیں بنیادی تعلیم پر زیادہ توجہ دینی چاہیے اور پرائمری تعلیم کے شعبہ کو خواتین کے سپرد کر دینا چاہیے۔ صدر نے کہا کہ اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ وقت کی اہم ضرورت ہے، حکومت اور افواج کا ساتھ دیکر مکمل یکجہتی کا اظہار کرنا ہو گا۔ صدر نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے، چینی باشندے پاکستان کی تعمیر ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور چینی کمپنیاں مختلف شعبوں میں کام کر رہی ہیں ان کی حفاظت پاکستان کی اولین ذمہ داری ہے۔جدہ سے وقت نیوز کے مطابق صدر ممنون حسین سعودی عرب پہنچ گئے۔ گورنر شہزادہ مشعل بن ماجد نے جدہ ائرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ پاکستان کے سفیر منظور الحق اور سفارتخانے کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔ وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز بھی جدہ پہنچ گئے۔ او آئی سی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن