دہشت گرد نئے طریقے آزمارہے ہیں ، پولیس سسٹم میں جدت لانا ہوگی: زرداری
کراچی (سٹاف رپوٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب سے ملک کو بہت فائدہ ہوا، آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پولیس کی مضبوطی سندھ میں قیام امن کی ضمانت ہے صوبہ سندھ میں جرائم میں کمی کا سہرا وزیراعلی سید قائم علی شاہ سمیت سندھ پولیس اور آئی جی کو جاتا ہے، پولیس کے مسائل صرف ان کے نہیں بلکہ ہم سب کے ہیں، جس طرح مسلح افواج میں سپاہیوں کا خیال کیا جاتا ہے اسی طرح پولیس میں بھی اب افواج کی طرح شہادت کے بعد بھی اہلخانہ کو گھر اور مراعات دی جائیں گی جبکہ ڈیوٹی پر موجود افسروں کے لئے بھی رہائش کا بندوبست کیا جائے گا۔ 18 ویں ترمیم کے بعد اسی طرح کی ترقی چاہتے ہیں جیسے دوسرے صوبوں میں ہوئی ہے۔ شہید بینظیر بھٹو ٹریننگ سینٹر رزاق آباد میں تربیت مکمل کرنے والے کمانڈوز کی25 ویں ایگلیٹ فورس پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے زرداری نے کہا کہ دشمن نت نئے طریقے آزما رہا ہے، 18اکتوبر 2007کو بے نظیر بھٹو کو شہید کرنے کے لئے دشمن نے معصوم بچے کا سہارا لیاتھا وہ محترمہ کی گودمیں دینا چاہتا تھا لیکن ایک پولیس افسر کے منع کرنے پر بے نظیر بھٹو محفوظ رہی تھیں ،جس طرح دہشت گرد نئے نئے طریقے اختیار کررہا ہے اسی طرح ہمیں ان کا مقابلہ کرنے کے لئے پولیس سسٹم میں بھی جدت لانی ہو گی۔ ہم یہاں سندھ پولیس کو سلام پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ شہیدوں سے ہم نے طاقت لی ہے، اس لیے سندھ پولیس کے شہیدوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔ پولیس شہدا کے اہلخانہ کو تنخواہیں و سہولیات اور بچوں کو ملازمتیں دی جانی چاہیں ۔ سندھ میں جرائم کی شرح کم ہوئی ہے آپریشن ضرب عضب کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے جس میں افواج پاکستان نے بے پناہ کامیابیاں حاصل کیں اور دہشت گردی کی ملک میں کمر توڑ دی گئی ہے۔ آپریشن ضرب عضب کے دوران مل؛نے والی بھرپور کامیابی پر آپریشن میں حصہ لینے والے افواج کے نوجوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی جانوں کا نظرانہ دے کر پاکستان کی سلامتی کو قائم رکھا ہے ۔ زرداری نے سندھ پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح فوجی جوان ، نیوی ، فضائیہ اور رینجرز کے اہلکار اپنے افسروں کا خیال رکھتی ہے، اسی طرح سندھ پولیس کو بھی اپنے افسروں سے پہلے قربانیاں دینی چاہیں ۔ میں آج بھی شہداء کی صف میں کھڑا ہونا چاہتا ہوں حکومت کو چاہیے کہ وہ شہداء کے خاندانوں کو مکمل تنخواہیں دے اور شہداء کے بچو کو نوکریاں فراہم کرے اور دیگر مراعات دینے کا بھی اعلان کرے ۔۔اس موقع پر سابق صدر نے کورس میں نمایاں کارکردگی دیکانے والے اہلکاروں میں اسناد بھی تقسیم کیں وزیر اعلی سندھ سیدقائم علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضرب عضب کاایک سال مکمل ہونے پرآرمی چیف جنرل راحیل شریف کو مبارک باد پیش کی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ کراچی میں بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اورٹارگٹ کلنگ میں کافی کمی آئی ہے،امید ہے کہ جنرل راحیل شریف سندھ کے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ آئی جی سندھ نے بھی خطاب کیں۔ تقریب میں 40 خواتین اہلکاروں سمیت 2080 اہلکار شریک ہوئے۔