ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت پر سمجھوتہ نہیں ہو گا، عوام کی کمائی پر ڈاکہ ڈالنے والے جیل جائیں گے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) چکوال میں ضلعی انتظامیہ نے چھاپے مار کر بھاری مقدار میں غیرقانونی ایرانی تارکول برآمد کر لی۔دو تعمیراتی کمپنیوں کیخلاف مقدمہ درج کرکے6 ملزم گرفتار کر لئے گئے۔وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی ہدایت پر فرائض میں غفلت برتنے پر ایکسین پراونشل ہائی وے چودھری ریاض کو معطل کر دیا گیا۔ ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی کی زیر نگرانی چھاپہ مار ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سرفراز خٹک کنسٹرکشن کمپنی اورایم این ٹی ایسوسی ایٹس سے 25 ڈرم غیرقانونی ایرانی تارکول برآمد کر لی۔ ڈی سی او کی ہدایت پر ملزمان کے خلاف غیرقانونی طور پر سمگل شدہ ایرانی تارکول رکھنے پر تھانہ تلہ گنگ اور تھانہ چکوال میں مقدمات درج کر لئے گئے۔ پولیس نے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیاہے جبکہ دونوں تعمیراتی کمپنیوں کے مالکان اور دیگر عملے کی گرفتاری کے لئے چھاپے جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے سمگل شدہ ایرانی تارکول استعمال کرنے والی تعمیراتی کمپنیوں کے خلاف کارروائی پر ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا ہے کہ عوام کے خون پسینے کی کمائی پر ڈاکہ ڈالنے والوں کی جگہ جیل ہے اور وہ جیل جائیں گے۔ ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ معیار اورشفافیت پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ تعمیراتی منصوبوں میں غیرمعیاری میٹریل استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلی شہباز شریف نے کہاہے کہ پاکستان اورچین کے درمیان دوستی اور تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو چکاہے۔چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کے منصوبوں سے خطے میںغربت اور بے روزگاری کے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔سی پیک کے تحت باہمی تعاون اور ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد سے دونوں ممالک کے عوام تعلقات کی نئی راہوں پر گامزن ہوچکے ہیں-پاک چین دوستی خطے میں پائیدار امن، معاشی و سماجی ترقی کے فروغ کا باعث بنے گی۔ ہر گزرتے لمحے پاکستان اورچین کی دوستی کا رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہاہے۔ ان خیالات کا اظہار انوں نے گزشتہ روز چین کے سفارتخانے کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق، خواجہ آصف، پرویز رشید، احسن اقبال، عبدالقادر بلوچ سمیت سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں اور مختلف ممالک کے سفیروںنے تقریب میں شرکت کی۔ شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان اور چین کے تعلقات سود مند معاشی تعاون میں بدل چکے ہیں۔ سی پیک کے منصوبوں سے پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی اور 18کروڑ عوام ان منصوبوں سے مستفید ہوں گے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق نے کہاچائنہ پاکستان اکنامک راہداری کے تحت دونوں ممالک کے مابین تعاون، دوستی اور ترقی کے دور رس تعلقات قائم ہوئے ہیں۔ چین کے سفیر سن ویڈانگ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین دوستی کے لازوال رشتے موجود ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام کو پاک چین دوستی پر فخر ہے۔ شہبازشریف نے اپنے ہاتھ سے کیک کاٹ کر چینی سفیر کو کھلایا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے پوری قوم یکسو ہو چکی ہے۔ پاک افواج نے آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں پر کاری ضرب لگائی ہے۔ سیاسی و عسکری قیادت دہشت گردی کے ناسور کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے قومی عزم کا عکاس ہے۔ انسداد دہشت گردی کیلئے قومی ایکشن پلان کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ ملک کی بقا کی جنگ ہے۔ پاکستان کے 18 کروڑ عوام ملک بچانے کی جنگ ہر صورت جیتیں گے۔ دہشت گردی اور انتہاپسندی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے تعلیم کوفروغ دے کر ملک سے دہشت گردی، انتہاپسندی، جہالت، بے روزگاری اورافلاس کے اندھیرے دور کئے جا سکتے ہیں۔ دانش سکول سسٹم مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا ایک اور انقلابی او رتاریخی اقدام ہے جس کی بدولت صوبے کے پسماندہ علاقو ںکی خاک آلود گلیوں کے بچے زیور تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں۔ پنجاب حکومت فروغ تعلیم کے لئے وسائل کی فراہمی کو اخراجات نہیں بلکہ سودمند سرمایہ کاری سمجھتی ہے اسی لئے علم کی کرنیںصوبے کے کونے کونے میں بکھیرنے کے لئے اربوں روپے کے فنڈز خرچ کئے جا رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ قوم کو زخم دینے وا لے دہشت گردوں کو شکست جبکہ پاکستان کے 18کروڑ عوام کو فتح حاصل ہوگی۔ مزید برآں شہباز شریف نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے استاد اور نامور ادیب پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید خیال کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔