• news

غیر ملکی این جی اوز کو90 دن میں دوبارہ رجسٹریشن کرانے کا حکم:6 ماہ اجازت والے علاقوں میں کام کر سکیں گی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ رائٹرز/نیوزایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت غیر ملکی این جی اوز کو قوانین کے تابع بنانے کیلئے اقدامات کا فیصلہ کرلیا گیا۔ این جی اوز کو 6 ماہ تک اسی طرح کام جاری رکھنے کی اجازت دی جائیگی تاہم این جی اوز مجاز اتھارٹی سے اجازت لئے گئے امور پر ہی کام کرسکیں گی‘ تمام این جی اوز تین ماہ میں حکومت پاکستان سے نئی رجسٹریشن کرائیں گی۔ وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی وزراء چودھری نثار‘ اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی شریک ہوئے۔ این جی اوز کے امور کار اور ضوابط کیلئے بین الوزارتی کمیٹی مسودہ تیار کرے گی۔ کمیٹی معاون خصوصی طارق فاطمی کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ہے خصوصی کمیٹی مستقبل میں این جی اوز کی نگرانی کا نظام بھی وضع کرے گی۔ بی بی سی کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق یہ تنظیمیں اپنی سرگرمیاں صرف انہی علاقوں تک محدود رکھنے کی پابند ہوں گی جہاں کام کرنے کیلئے انہیں مجاز حکام نے اجازت دے رکھی ہے۔ وزیراعظم ہاؤس کے بیان میں سیو دی چلڈرن نامی تنظیم کا ذکر نہیں تاہم اجلاس کی کارروائی سے باخبر بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے اس حکم کے بعد اس امریکی تنظیم کو بھی پاکستان میں کام کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ وزیراعظم کے مشیر طارق فاطمی کی زیر صدارت بننے والی کمیٹی ان غیر ملکی تنظیموں کیلئے نئے ضابطے مرتب کریگی اور اس مقصد کیلئے نئی قانون سازی بھی تجویز کرے گی تاکہ ان تنظیموں کے کام پر نظر رکھی جا سکے۔ رائٹرز کے مطابق وزیراعظم کی طرف سے تمام غیرملکی این جی اوز کو دوبارہ رجسٹریشن کا حکم دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن