• news

مکھیوں کی بات کسی اور نے شروع کی، گورنر سے کہا ہڑتالیں نہیں ہونی چاہئیں: وزیراعظم‘متحدہ مطمئن نہیں تو ملاقات پر تیار ہوں، قومی اسمبلی میں وضاحت

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) وزیراعظم محمد نوازشریف نے اپنے حالیہ دورہ کراچی کے حوالے سے کہا ہے میرے خطاب کی وڈیونکال کر دیکھ لیں مکھیوں کی بات کسی اور نے شروع کی جس پر میں نے ساتھ بیٹھے گورنر سندھ سے کہا آپ اس کا نوٹس لیں، میں نے یہ کہا تھا ہڑتالیں نہیں ہونی چاہئیں کیونکہ کسی اور نے کہا تھا کہ مکھی بھی مر جائے تو ہڑتال کر دی جاتی ہے۔ ایک ہلکے پھلکے انداز میں بات ہو رہی تھی، میں اس معاملے کی وضاحت کرنا چاہتا تھا، آج اس کا موقع مل گیا، ایم کیو ایم کے ارکان اب بھی مطمئن نہیں ہیں تو ان سے ملاقات میں بھی یہ وضاحت کرنے کو تیار ہوں۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا سڑکوں اور مواصلات کے ذریعے تمام صوبوں اور علاقوں کو ایک دوسرے سے ملایا جائے گا، پاکستان کو سنٹرل ایشیا سے ملانے کیلئے ترمز تک سڑک بنائی جائے گی ، گوادر سے چار ممالک کو ملانا ہے2016ء کے آخر تک گوادر تک تمام شاہرائوں کو مکمل کر لیں گے، کراچی کے عوام کو گرین لائن کا تحفہ وفاقی حکومت دے گی اور اس منصوبہ کیلئے سو فیصد فنڈوفاق فراہم کرے گا، کراچی میں واٹر سپلائی کیلئے 2 ارب روپے جاری کر دیئے ہیں جبکہ کے۔فور منصوبے کیلئے میچنگ گرانٹ دی جائے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن