پاکستان سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں: نریندر مودی، جنگ بھلا کر امن کی طرف آنا ہو گا: نوازشریف
اسلام آباد+ نئی دہلی+ واشنگٹن (نمائندہ خصوصی+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نوازشریف کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹیلیفون کرکے رمضان کی مبارکباد دی اور کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں جبکہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بھی وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلیفون کیا اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ نریندر مودی نے کہا کہ رمضان کے موقع پر بھارتی حکومت خیرسگالی کے طور پر گرفتار پاکستانی ماہی گیروں کو رہا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے بھارتی وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو اپنے اختلافات اور جنگ کی باتوں کو بھلا کر امن اور آشتی کی طرف آنا چاہئے تاکہ دونوں ملکوں کے عوام اپنے لیڈروں کو ہمیشہ اچھے الفاظ میں یاد رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو ایک دوسرے کا ہمسایہ ہونے کے ناطے مل جل کر امن سے رہنا چاہئے اور باہمی اختلافات کو اس کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دینا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکمران گھر کے سربراہ کی طرح ہوتے ہیں جو اپنے خاندانوں کو لڑائی جھگڑے سے بچا کر امن کی طرف لے جاتے ہیں اور ہر آفت سے ان کی حفاظت کرتے ہیں۔ ان کی نظر میں کنبے کی فلاح ہر حال میں مقدم ہوتی ہے۔ دریں اثنا وزیراعظم نواز شریف نے بھی جذبہ خیرسگالی کے تحت پاکستان میں قید بھارتی ماہی گیروں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم ہاﺅس کے ترجمان کے مطابق دونوں رہنماﺅں کے درمیان گفتگو تقریباً پانچ منٹ تک جاری رہی۔ بھارتی وزیراعظم نے نواز شریف کے ساتھ افغان صدر اشرف غنی اور بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد کو بھی ٹیلی فون کرکے رمضان المبارک کی مبارکباد دی۔ دونوں رہنماﺅں نے آئندہ متنازعہ بیانات سے گریز پر اتفاق کیا۔ کشیدگی اور حالیہ بیانات پربھی تبادلہ خیال ہوا۔ دریں اثنا امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے وزیراعظم نواز شریف کو امریکی حکومت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ جان کیری نے پاکستان کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی پالیسی کو سراہا اور کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کیلئے پاکستان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں اضافہ ہوا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں مضبوط تعلقات قابل تعریف ہیں جن کو مزید بڑھایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کا فروغ چاہتا ہے۔ گزشتہ دو سال کے دوران پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی، پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہے اور اس پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق دونوں ملکوں نے معیشت اور تجارت کومزید وسعت دینے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پراتفاق کیا۔رائٹرز کے مطابق جان کیری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ بھارت کے ساتھ کشیدگی کے حوالے سے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک انتہائی اہم اور ایٹمی طاقت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وزیراعظم نے انتہائی مثبت باتیں کیں اور بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم مودی سے بھی اس حوالے سے بات کی ہے۔
مودی /نواز شریف