بجٹ کیخلاف کلرکوں کے دوسرے روز بھی مظاہرے، لاہور میں ریلی
لاہور (سپیشل رپورٹر + نامہ نگاران) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) کے مرکزی چیئرمین محمد افضل، مرکزی صدر منیر احمد بلوچ کی اپیل پر دوسرے روز بھی کلرکوں اور ملازمین نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے بجٹ کے خلاف تمام ضلعی/ صوبائی ہیڈ کوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے کئے جبکہ لاہور میں محکمہ انہار دھرمپورہ میں احتجاجی جلسہ ہوا جس میں تمام محکمہ جات کے کلرکس اور ملازمین نے شرکت کی۔ بعد میں ریلی نکالی گئی جس کی وجہ سے 2 گھنٹے ٹریفک بلاک رہی اور کینال روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ کا پتلا جلایا گیا۔ مظاہرین نے ماتم بھی کیا۔ جلوس کی قیادت سلطان مجددی، چودھری عبدالشکور اور دیگر نے کی۔ احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایپکا رہنمائوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنے پیش کردہ بجٹ پر نظرثانی کریں اور مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کریں۔ اگر ہمارے مطالبات پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو ملک بھر میں حکومت خلاف تحریک چلائی جائے گی۔ لاہور کے علاوہ گجرات، سیالکوٹ، نارووال، قصور، خانیوال، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، بہاولپور اور دیگر شہروں میں بھی مظاہرے کئے گئے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق پنجاب اسمبلی لاہور کے سامنے دھرنا میں شرکت کے لئے ننکانہ صاحب سے 100سے زائد ملازمین کا قافلہ ضلعی صدر ایپکا چودھری محمد اکرم گجر کی قیادت میں خصوصی بس اور کاروں کے ذریعے ڈی سی او آفس ننکانہ صاحب سے لاہور پہنچا۔ علاوہ ازیں صدر ایپکا پنجاب حاجی محمد ارشاد چودھری نے کہا ہے کہ ایپکا کے ڈے اینڈ نائٹ دھرنا کے نتیجہ میں رانا ثناء اللہ، رانا مشہود احمد خان و دیگر حکومتی نمائندگان کی یقین دہانی اور وعدوں کے مطابق ایپکا کے جائز مطالبات منظور کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن 2 ہفتوں میں جاری کیا جائے جبکہ ان مطالبات پر مشتمل سمری گزشتہ ماہ برائے منظوری وزیراعلیٰ کو ارسال کی جاچکی ہے جس پر تاحال کوئی عملدرآمد نہیں ہوا۔