• news

ٹریفک حادثات میں 7 افراد جاں بحق ، خواتین، بچوں سمیت 47 زخمی

لاہور (نمائندگان+ آئی این پی) مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں گزشتہ روز 7 افراد جاں بحق جبکہ 47 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ فیصل آباد روڈ پر لاہور سے ننکانہ جانیوالی تیز رفتار بس بے قابو ہو کر پلی سے ٹکرا کر الٹ گئی جس سے 30 مسافر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حادثہ دو بسوں کی ریس لگانے کے نتیجے میں پیش آیا۔ پلی سے ٹکرانے کے بس کے اگلے پہئے اور ٹائی راڈ کھل گئے جبکہ ایکسل ٹوٹ گئے اور بس قلابازیاں کھاتی کھیتوں میں جاگری۔ زخمیوں کو مقامی لوگوں نے ہسپتال منتقل کیا۔ وہاڑی میں ڈرائیور کو اونگھ آنے سے فیصل آباد سے بہاولپور جانیوالے ٹرک ڈرائیور کو کرمپور روڈ بھٹ عمر دین کے قریب نیند آ گئی جس کے نتیجہ میں ٹرک سڑک کنارے درخت سے ٹکرا گیا اور ٹرک کی چھت پر بیٹھے جان محمد اور نامعلوم ساتھی جاں بحق ہو گئے جبکہ ڈرائیور حاجی صدیق اور کلینر ساجد شدید زخمی ہو گئے۔پنڈی بھٹیاں کے قریب موٹر وے پر ٹریفک حادثہ میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 13زخمی ہو گئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ لاہور سے مسافر ویگن دیر جا رہی تھی جب وہ موٹروے انٹر چینج پنڈی بھٹیاں سے چار کلومیٹر کے فاصلہ پر پہنچی تو آگے جانے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں زاہد خاں اور کنڈکٹر گل بخت ساکن دیر شامل ہیں۔ کوہاٹ کے قریب راولپنڈی روڈ پر گنڈیالی موڑ میں واٹر ٹینکر اور کار میں تصادم سے3 افراد موقع پر جاں بحق اور 2زخمی ہوگئے۔

ای پیپر-دی نیشن