کراچی: سب انسپکٹر، آڈٹ افسر قتل، 4 دہشت گرد مقابلے میں ہلاک
کراچی (نیوزڈیسک) کراچی کے علاقے بلدیہ ٹائون نمبر 12 میں گزشتہ رات موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے سب انسپکٹر جاں بحق اور راہگیر زخمی ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ کلفٹن تھانے کا انویسٹی گیشن افسر ریاض مغل گھر سے تھانے جارہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار 2 افراد نے نائن ای ایم پستول سے اسے نشانہ بنایا اور فرار ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ دریں اثنا گلستان جوہر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سرکاری ادارے کا اسسٹنٹ آڈٹ آفیسر ریاض حسین دم توڑ گیا جس کی نعش کو کارروائی کیلئے جناح ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ ادھر جمشید کوارٹرز تھانے کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ پولیس نے تھانے کے باہر کھڑی بارودی مواد سے لدی موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کر لیا گیا جس نے بارودی مواد کو ناکارہ بنایا۔ دوسری طرف سچل گوٹھ کے علاقے الاظہر گارڈن میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔ جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جا رہا ہے۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق ملزموں سے 2 موٹر سائیکل اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔