دوبارہ الیکشن کی بات اعتراف جرم ہے، فضل الرحمن: تاریخی دھاندلی ہوئی: اسفند یار
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے سہ فریقی اتحاد کے جلسہ سے خطاب کرتے کہا ہے کہ جب اسلام آباد میں دھرنا دیا گیا تو ہم نے کہا کہ یہ پارلیمنٹ کے خلاف سازش ہے سول نافرمانی کا کہا گیا اسلام آباد دھرنے میں آئین اور جمہوریت کے خلاف سازش تھی اب خیبر پی کے میں پی ٹی آئی کی الیکشن چوری پکڑی ہے یہ جمہوریت اور الیکشن کے ڈاکو ہیں۔ دوبارہ الیکشن کرانے کی بات کرنا اعتراف جرم ہے۔ الیکشن دوبارہ ہوں گے لیکن پی ٹی آئی کی نگرانی میں نہیں، عمران خان نے گھر میں جب گرمی پانی کی ضرورت محسوس کی تو سول نافرمانی کی تحریک ختم کر دی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی نے کہا ہے کہ خیبر پی کے بلدیاتی انتخابات میں تاریخی دھاندلی ہوئی عوام کو انتخابات میں دھاندلی قبول نہیں۔ خیبر پی کے کے عوام کپتان کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ نئے خیبر پی کے میں میاں افتخار حسین کے ساتھ جو ہوا وہ نئی روایت ہے۔ حکومت مستعفی ہو کر عدلیہ کی نگرانی میں الیکشن کرائے۔ صوبے کو خیبر پی کے کی شناخت آصف زرداری نے دی۔ نواز شریف جب پختونخواہ کہتے ہیں تو ان کے منہ سے اچھا لگتا ہے۔ میں اور مولانا فضل الرحمن بھٹک رہے تھے آج کے بعد ہم ساتھ ہوں گے۔