• news

بجٹ‘ وزیر خزانہ فنانس بل میں بعض تبدیلیوں کا اعلان کرینگے

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار بجٹ پر عام بحث کو سمیٹتے ہوئے فنانس بل میں بعض تبدیلیوں کا اعلان کریں گے۔ وزارت خزانہ کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ آئندہ مالی سال کے لئے ٹیکس تجاویز میں کسی بڑے ردوبدل کا کوئی امکان نہیں ہے۔ تاہم بینکوں کی ٹرانزیکشن پر لگنے والے ودھ ہولڈنگ ٹیکس کے حوالے سے ایک حد مقرر کئے جانے کا امکان ہے جس سے زائد کی ٹرانزیکشن پر ودھ ہولڈنگ ٹیکس لگے گا جبکہ اس حد سے کم کی ٹرانزیکشن مستثنیٰ ہوں گی۔ یہ حد 50 ہزار روپے تک ہو سکتی ہے۔ پولٹری کی صنعت کے خام مال پر لگنے والی کسٹمز ڈیوٹی کی سابقہ شرحیں بحال کرنے کا امکان ہے۔ تاہم جی ایس ٹی کی سابق شرح بحال کرنے کا امکان روشن نہیں اس طرح سٹاک مارکیٹ پر لگنے والے نئے ٹیکسوں میں معمولی ردوبدل ہو سکتا ہے۔ دریں اثناء وزیر خزانہ کی صدارت میں اجلاس میں بجٹ کے اعلان کے بعد آنے والے ردعمل کی روشنی میں بجٹ تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے ہدایت کی مناسب تجاویز کو جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ وہ بجٹ پر بحث سمیٹتے ہوئے ان کا اعلان کر سکیں۔

ای پیپر-دی نیشن