12 ججوں کی جبری ریٹائرمنٹ‘جسٹس منصور کی درخواست کی سماعت سے معذرت
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے پنجاب کی ضلعی عدلیہ کے 12 ججوں کی جبری ریٹائرمنٹ کے خلاف دائر درخواست کی سماعت سے معذرت کر لی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیارکیا گیا کہ آئین کے آرٹیکل دس اے کے تحت ہر شہری کو شفاف ٹرائل کا حق حاصل ہے۔ کسی بھی شہری کے خلاف اس کا موقف سنے بغیر یکطرفہ کارروائی نہیں کی جا سکتی، اور نہ ہی فیصلہ سنایا جا سکتا ہے۔ سول سرونٹ ایکٹ کی دفعہ بارہ آئین سے متصادم ہونے کی بنا پر درخواست کالعدم قرار دی جائے۔ پیڈا ایکٹ آنے کے بعد سول سرونٹ کا ضلعی عدلیہ کے ججوں پر اطلاق ہی نہیں ہوتا۔ فاضل عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ وہ انتظامی کمیٹی کا حصہ ہونے کی بناء پر اس کیس کی سماعت نہیں کر سکتے۔ عدالت نے کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے درخواست مزید سماعت کے لئے واپس چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی۔