• news

50 لاکھ سے زائد کے ڈاکے، مزاحمت پر فائرنگ سے 3 افراد زخمی

لاہور+ فیروز والا (نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے جبکہ مزاحمت پر ایک شہری کو فائرنگ کر کے زخمی کردیا۔ شاہدرہ میں مقامی کمپنی کا کیشئر مسعود، ملازم مجاہدکے ہمراہ بینک سے 20 لاکھ 62 ہزار نکلواکر آرہا تھا کہ موٹرسائیکل سوار دو ڈاکوؤں نے انہیں گن پوائنٹ پریرغمال بنا رقم لوٹ لی۔اس دوران مجاہد نے مزاحمت کی، تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے اسے زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔ تھانہ لٹن روڈکے علاقہ میں فیروز پور روڈ پر ایل او ایس سٹاپ کے قریب نوائے وقت کے سینئر سب ایڈیٹرشاہد علی ڈیوٹی سے فارغ ہو کر موٹر سائیکل پر گھر جارہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار دو ڈاکوؤں نے انہیں گن پوائنٹ پریرغمال بنا لیا اور ان سے 26 ہزارروپے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔شاہد علی نے مقدمہ کے اندراج کے لئے تھانہ لٹن روڈ میں درخواست دے دی ہے۔ ڈاکوؤں نے ساندہ جہانگیر ٹائون میں زرمیر علی کے گھر سے ساڑھے 6لاکھ، اقبال ٹائون میں عثمان اور اسکی فیملی سے 4 لاکھ، فیصل ٹائون میں اعجاز کی فیملی سے ڈیڑھ لاکھ کی نقدی، زیورات،موبائل فون، مغلپو رہ میں ناکہ لگا کرفاروق سے 47ہزارروپے اور 55سو سعودی ریال جبکہ ایک گاڑی میں سوار افراد سے 25ہزار اور گاڑی ،ڈیفنس بی ایم بلاک میں ایک بیکری میں گھس کر تین لاکھ 66ہزار،شادباغ ناخدا چوک میں احمد خلیل کی دکان سے ایک لاکھ 45 ہزار۔ چوروں نے ستوکتلہ سے ساجدہ،ڈیفنس بی سے ولید، شمالی چھائونی سے ظفر کی کاریں جبکہ نولکھا سے عارف،شادباغ سے علی،لاری اڈہ سے عابد،غالب مارکیٹ سے صفدر،نشترکالونی سے آکاش،فیصل ٹائون سے یاسر،ساندہ سے بشارت اور قاسم،سبزہ زارسے الیاس،ٹائون شپ سے ظفر،گلشن راوی سے جاوید،فیکٹری ایریا سے عابدکی مو ٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ فیروز والا میں ہائوسنگ کالونی کے قریب ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر عامر علی سے موٹر سائیکل اور 50 ہزار روپے چھین لئے۔ ڈاکوئوں نے نوجوان ارسلان کوروک کر لوٹ لیا۔ موٹر سائیکل اوررقم چھین لی۔ مزاحمت پر اسے گولی مار کر زخمی کردیا۔ کالا خطائی روڈ پر ڈاکوئوں نے محمود احمد سے موٹر سائیکل چھین لی۔شہباز سے 20 ہزار، عبادعلی سے دو لاکھ روپے کی رقم لوٹ لی۔ شاہدرہ میں شہری کو لوٹنے کے بعد ڈاکوئوں نے گولی مار کر زخمی کردیا۔ کوٹ عبدالمالک میں اسحاق کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا، نامعلوم چوروں نے دو گھروں میں داخل ہوکر ہزاروں روپے مالیت کا سامان چوری کرکے فرار ہوگئے۔

ای پیپر-دی نیشن