• news

پاور ایمنسٹی سکیم منظور:31 جولائی تک تمام بقایا جات جمع کرانیوالوں کو30 فیصد چھوٹ ملے گی: اقتصادی رابطہ کمیٹی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔ وزارت بجلی کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاور ایمنسٹی سکیم کی منظوری دی گئی جو 30 جون 2012 تک کے ڈیفالٹرز کے لیے منظور کی گئی ہے۔ سکیم کے تحت 31 جولائی تک تمام بقایا جات جمع کرانے والے ڈیفالٹرز کو 30 فیصد چھوٹ دی جائے گی۔ 31 اگست تک یکمشت بقایا جات جمع کرانے پر 25 فیصد، تیس ستمبر تک بقایا جات جمع کرانے والوں کو 20 فیصد رعایت ملے گی۔ بقایا جات جمع نہ کرانے والوں کی فہرست یکم اکتوبر کو نیب کو بھیجی جائے گی۔ ای سی سی اجلاس میں پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کیلئے حکومتی گارنٹی دینے کی منظوری دی گئی۔ میری ٹائم ایجنسی کیلئے 13 ارب 87 کروڑ روپے کی گارنٹی دی جائے گی۔ چین میری ٹائم ایجنسی کے لئے 6 پٹرولنگ جہاز تیار کرے گا۔ ای سی سی نے ہدایت کی کہ شوگر ملز کسانوں کو واجبات جلد ادا کریں۔ سندھ اور پنجاب کیلئے گندم اور آٹے کی برآمد کی مدت میں 31 جولائی تک توسیع، بجلی چوروں اور نادہندگان کے کیسز نیب کو بھیجنے کی منظوری دی گئی۔ بلوچستان کے کسانوں کیلئے زرعی سبسڈی کی موت میں 2 سال کی توسیع کی گئی۔ اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق سٹیل ملز ملازمین کی جنوری اور فروری کی تنخواہوں کی منظوری دی گئی ہے۔ ای سی سی نے پاکستان ٹول فیکٹری ملازمین کی 2 ماہ کی تنخواہ کی منظوری دے دی۔ ای سی سی نے گندم اور چینی کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی 25 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد کر دی۔ اجلاس میں سٹیل ملز ملازمین کیلئے 6 ارب روپے کا بیل آؤٹ پیکیج مسترد کر دیا گیا۔ دو ماہ کی تنخواہوں کیلئے ایک ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دیدی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن