ایان علی کی درخواست ضمانت لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ پر موصول، چیف جسٹس کسٹم بنچ کو بھجوائیں گے
لاہور + راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ پر موصول ہوگئی۔ چیف جسٹس ہائیکورٹ درخواست ضمانت مارک کر کے سماعت کیلئے کسٹم بنچ کو بھجوائیں گے۔ ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں کسٹم بنچ موجود نہ ہونے کی بناء پر ایان علی کی درخواست ضمانت لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ پر بھجوائی گئی تھی۔ ایان علی نے دائر درخواست ضمانت میں موقف اختیار کیا ہے کہ اس پر منی لانڈرنگ کے بے بنیاد الزامات عائد ہیں۔ دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے ایان علی کیخلاف کرنسی سمگلنگ کیس کے گواہ کی جانب سے دائر درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردئیے ہیں۔