• news

رمضان پیکیج، یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا، چینی، دال گھی سمیت 18 اشیا 5سے50روپے سستی ‘ تھوک مارکیٹ میں چینی 2 روپے کلو مہنگی

لاہور+اسلام آباد (کامرس رپورٹر/نمائندہ خصوصی/آئی این پی) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہا ہے وفاقی حکومت نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو اشیائے خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز پر ایک ارب 30کروڑ روپے کی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت آٹا، چینی، دالیں، گھی سمیت 18اشیاء پر 5روپے سے 50روپے تک فی کلو گرام رعایت حاصل ہو گی، دوران رمضان عوام کی سہولت کیلئے ملک بھرمیں یوٹیلیٹی سٹور اتوار کو بھی کھلے رہیں گے جبکہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے 18 مزید اشیاء پر منافع کم کر کے رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دوران رمضان تین ہزار مزید عارضی ملازمتیں فراہم کی جائیں گی، سابقہ ایم ڈی کی وجہ سے رواں سال یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو 30 کروڑ روپے خسارے کا سامنا ہے۔ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا دوران رمضان المبارک ملک بھر میں 6ہزار یوٹیلیٹی سٹور صبح 9سے شام 7بجے تک کھلے رہیں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا یوٹیلیٹی سٹورز کی سالانہ سیل 80ارب روپے ہے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے 1.3 ارب روپے کے پیکج کے نتیجے میں دوران رمضان 20 ارب روپے کی سیل متوقع ہے، رمضان پیکج کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹے پر 4روپے، گھی و تیل خوردنی 8 روپے، دالیں10روپے، چاول 5روپے، چینی 5 روپے، چائے پر 50روپے فی کلو گرام جبکہ ملک پیک(دودھ) پر 10 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی اس کے علاوہ 18 مزید اشیاء پر بھی عوام کو رعایت ملے گی۔ انہوں نے کہا گزشتہ رمضان میں یوٹیلیٹی سٹورز سے سستی اشیاء دکانداروں کو فراہم کرنے اور کرپشن کی شکایات ملی تھیں جن کا ازالہ کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن منافع میں چل رہی تھی جبکہ کچھ عرصہ قبل آنے والے ایک راکٹ سائنسدان ایم ڈی کی وجہ 23 ارب روپے سیل کم ہوئی اور ادارے کو رواں مالی سال کے دوران 30کروڑ روپے خسارے کا سامنا ہے۔ رمضان سے ایک روز قبل مقامی تھوک مارکیٹ میں 100کلو چینی کی قیمت میں 200 روپے اضافہ ہو گیا اور اسکی قیمت 3300 روپے ہو گئی جبکہ پرچون سطح پر ایک کلو چینی کی قیمت میں 2 روپے اضافہ ہوا ہے اور اسکا ریٹ 68 روپے ہوگیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن