• news

کرپشن ختم، حقیقی جمہوریت کا قیام اولین ترجیح ہے: عمران خان

اسلام آباد/لاہور( آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے تحریک انصاف پنجاب کے صوبائی آرگنائزر چوہدری محمد سرور اور ڈپٹی آرگنائزر سبطین خان نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اس موقع پر جنوبی پنجاب سے اہم سیاسی شخصیت خواجہ شیراز محمود سمیت دیگر افراد نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا‘چوہدری محمد سرور نے عمران خان کو پنجاب کے مختلف اضلاع میں آرگنائزر اور ڈپٹی آرگنائزر کی نامزدگیوں سمیت پارٹی کو فعال بنانے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا پنجاب میں پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کیلئے چوہدری سرور اور انکی ٹیم جو محنت کر رہی ہے قابل ستائش ہے کارکن بلدیاتی انتخابات کیلئے ایک دوسرے سے بڑھ کر اپنا کردار ادا کر یں اور فتح انشاء اللہ تحریک انصاف کی ہی ہوگی۔ تحریک انصاف عوامی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے اور ملک سے کرپشن کے نظام ختم کر کے حقیقی جمہوریت کا قیام تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف عام انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی کے خلاف جدوجہد اپنے سیاسی مفادات نہیں ملک کی بقا اور عوام کے ووٹ کے تقدس کی حفاظت کیلئے لڑ رہی ہے اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ جن لوگوں نے عام انتخابات میں دھاندلی کی انکو آئین وقانون کے مطابق سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے اور ملک میں ایسا انتخابی نظام ہونا چاہیے جس میں عوام کے ووٹ کے فیصلے کو تبدیل کر نے کی جرات نہ ہوسکے ۔

ای پیپر-دی نیشن