سندھ اسمبلی: خواجہ آصف کیخلاف قرار داد پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے پر ایم کیو ایم کا بائیکاٹ
کراچی (نوائے وقت نیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان سندھ اسمبلی نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف قرار داد پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے پر ایوان سے واک آئوٹ کیا۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایم کیو ایم ارکان نے بجٹ سیشن میں خواجہ آصف کے خلاف قرار داد کی اجازت مانگی تا ہم سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے قرارداد پیش کرنے کی اجازت نہیں دی۔ ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی محمد حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیرخواجہ آصف کے بیان سے کروڑوں مہاجروں کی دل آزاری ہوئی، ہم ان کے خلاف قرار داد پیش کرنا چاہتے ہیں۔ بار بار مطالبہ کرنے پر سپیکر سندھ اسمبلی نے محمد حسین کا مائیک بند کرا دیا۔ بعد ازاں پیپلز پارٹی کے سینئر وزراء نثار کھوڑو اور سکندر میندھر و ایم کیو ایم کے ناراض ارکان کو منا کر واپس ایوان میں لے آئے۔