• news

حکومت قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام رہی، نرخوں میں کمی کا فائدہ عوام کا بنیادی حق ہے: ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے قرار دیا ہے کہ رمضان شروع ہورہا ہے اور عوام کو قیمتوں کی کمی کا فائدہ پہنچنا ان کا بنیادی حق ہے۔ مسٹر جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے یہ ریمارکس رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی اور ذخیرہ اندوزوں اور ناجائزمنافع خوروں کے خلاف کارروائی کے لئے دائر درخواست کی سماعت میں دیئے۔ عدالت نے تمام اضلا ع میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے بارے میں واضح پالیسی پر مبنی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت آج19جون تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ واضح رپورٹ میں بتایا جائے کہ ماہ رمضان میں قیمتوں کا استحکام کیسے رکھا جائے گا بڑ ے بڑے ذخیرہ اندوزں کے خلاف کیا کاروائی کی گئی اور عوام کے بنیادی حقوق کا کیسے تحفظ رکھا جائے گا۔ جوڈیشل ایکٹیوزم پینل کی طرف سے محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ قیمتوں میں کوئی استحکام نہیں۔ حکومت پنجاب گراں فروشوں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کررہی۔ چینی کی قیمت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ فاضل عدالت نے چیف سیکرٹری اور سیکرٹری انڈسٹریز سے پنجاب کے 36اضلاع کی رپورٹ مانگی تھی جو ابھی تک نہیں دی گئی۔ سماعت کے موقع پر محکمہ کی طرف سے کوئی نمائندگی نہیں ہے حالانکہ یہ آئین کے آرٹیکل9,14 اور 38 کے نفاذ کا مسئلہ ہے۔ جسٹس فرخ عرفان نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ گذشتہ تاریخ پر سیکرٹری انڈسٹری نسیم صادق موجود تھے اور انہوں نے عدالت سے پورے پنجاب سے رپورٹ داخل کرنے کی اجازت مانگی تھی تاریخ اس لیے مقرر کی گئی تھی کہ روزوں سے قبل حکومت پنجاب کی پالیسی، قیمتوں میں استحکام اور بڑے بڑے مگر مچھوں کے بارے میں کارروائی کے بارے میں رپورٹ آسکے محکمے کی طرف سے کوئی نمائندگی نہ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام رہی۔ تمام اضلاع سے رپورٹ آج 19جون تک پیش کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن