حکومت روز گار کے مواقع پید اکرنے کے بجائے چھین رہی ہے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے پولٹری پر لگائے گئے نئے ٹیکس اور سابقہ ٹیکسوں میں کمر توڑ اضافہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکسوں میں اضافے سے لامحالہ مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں بھی مزید اضافہ ہوجائے گا جس سے مرغی کا گوشت بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوجائے گا، انہوں نے کہا کہ بکرے اور گائے کے گوشت کی قیمتیں اب اتنی زیادہ ہوچکی ہیں کہ کوئی غریب گوشت کھانے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا، انہوں نے کہا کہ حکومت روز گار کے مواقع پید اکرنے کے بجائے اپنی غلط اور عوام کش پالیسیوں سے لوگوں سے ان کے چلتے ہوئے روز گار بھی چھین رہی ہے، انہوں نے پولٹری پر نئے لگائے گئے ٹیکس کو واپس لینے اور سابقہ ٹیکس میں کمی کا مطالبہ کیا۔ حکومت فوری طور پر اس ظالمانہ اور بلاجواز ٹیکس کو ختم کرے تاکہ غریب عوام کو سستا گوشت کھانے کو مل سکے۔ علاوہ ازیں سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستان کو اس وقت شدید اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ دہشت گردی کا مسئلہ صرف طاقت کے استعمال سے حل نہیں کیا جاسکتا بلکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہمیں غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ کرنا اور عام آدمی کے مسائل کی طرف خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے یہ بات رمضان المبارک کی آمد پر اپنے پیغام میں کہی ہے۔سراج الحق نے کہا کہ ملک کا عام شہری ملکی اشرافیہ کی آپس کی سیاسی لڑائیوں سے تنگ آچکا ہے اور وہ اپنے مسائل کا حل چاہتا ہے۔