• news

مشرف کا استثنیٰ مسترد، دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ جاری،24 جولائی کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے غازی عبد الرشید قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ایک بار پھر انکے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 24 جولائی کو گرفتار کرکے ہر صورت عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔جمعہ کے روز غازی عبد الرشید قتل کیس کی سماعت ہوئی ،قائم مقام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کامران بشارت مفتی نے کیس کی سماعت کی ۔دوران سماعت مشرف کے وکیل نے ایک متفرق درخواست جمع کرائی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر پرویز مشرف کو گرفتار کر کے ہر صورت عدالت میں پیش کیا جائے ،عدم حاضری کی صورت میں ان کے ضمانتیو ں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور ضمانتی مچلکے بھی ضبط کئے جائیں گے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت24 جولائی تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن