• news

تحریک انصاف کی درخواست منظور، سپریم کورٹ کا عمر ایوب کے حلقے این اے19 میں دوبارہ الیکشن کا حکم

اسلام آباد(آئی این پی+نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ نے ہری پور کے حلقہ این اے انیس میں دوبارہ انتخابات کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے یہ فیصلہ مسلم لیگ ن کے امیدوار عمر ایوب کی کامیابی کے خلاف پی ٹی آئی کے امیدوار کی اپیل پر کیا ہے۔ جسٹس عظمت سعید شیخ نے اختلافی نوٹ تحریر کیا ہے۔ 2013ء کے عام انتخابات میں ہری پور کے حلقہ این اے 19 سے پہلے ، پی ٹی آئی کے امیدوار عامر زمان کامیاب ہوئے، اس کامیابی کو ن لیگ کے عمر ایوب نے چیلنج کیا۔ اس چیلنج کے نتیجے میں الیکشن ٹربیونل نے سات پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کا حکم دیا۔ دوبارہ الیکشن کے نتیجے میں ن لیگ کے عمر ایوب فاتح قرار پاگئے۔ عمر ایوب کی کامیابی کو پی ٹی آئی کے راجہ عامر زمان نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا لیکن سپریم کورٹ نے عمر ایوب کی جیت کا فیصلہ برقرار رکھا۔ عامر زمان نے ایک اور کوشش کرتے ہوئے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست میں یہ موقف اپنایا کہ ری پولنگ میں الیکشن میٹریل متاثر ہوا ہے اور ایسا ہونے کی صورت میں قانونی طور پر الیکشن کالعدم قرار دے دیا جاتا ہے۔ سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے اکثریتی فیصلے میں این اے 19 پر دوبارہ انتخاب کا حکم دے دیا جبکہ بنچ میں شامل جسٹس شیخ عظمت سعید نے فیصلے پر اختلافی نوٹ لکھا ہے۔ عدالت نے تحریک انصاف کے راجہ عامر کی درخواست منظور کرلی۔

ای پیپر-دی نیشن