این جی اوز کو قانونی دائرہ میں لانے، موثر مانیٹرنگ کیلئے الیکٹرانک رجسٹریشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ
اسلام آباد (آئی این پی) حکومت نے بین الاقوامی این جی اوز کو قانونی دائرہ کار میں لانے اور مانیٹرنگ نظام کو موثر بنانے کیلئے الیکٹرانک رجسٹریشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے‘ این جی اوز کو رجسٹریشن کے لئے وزارت داخلہ‘ خارجہ و دیگر محکموں سے اجازت لینا ہوگی‘ حدود سے تجاو ز کرنے والی این جی اوز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی‘ سیو دی چلڈرن سمیت 9 غیر ملکی این جی اوز کونئی رجسٹریشن کی ہدایت کردی۔اقتصادی امور ڈویژن کے ممبران پر مشتمل خصوصی کمیٹی نے سفارشات وزیراعظم کو بھجوا دیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے مشیر طارق فاطمی کی سربراہی میں اقتصادی امور ڈویژن کے ممبران پر مشتمل خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں غیر ملکی این جی اوز کی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمیٹی نے 7 نکاتی سفارشات وزیراعظم کوبھجوادی ہیں جس میں بین الاقوامی این جی اوز کی رجسٹریشن کیلئے 10 روز میں الیکٹرانک سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ خصوصی کمیٹی نے وزیراعظم سے سفارش کی ہے کہ ملک میں کام کرنے والی تمام غیر ملکی این جی اوز کو قانونی دائرہ کار میں لایا جائے اس حوالے سے این جی اوز کی قانون سازی اور مانیٹرنگ نظام کو موثر بنایا جائے۔ این جی اوز مخصوص دائرہ کار میں ہی کام کرسکیں گی تجاوز کرنے والی تنظیموں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ این جی اوز کو رجسٹریشن کے لئے وزارت داخلہ‘ خارجہ و دیگر محکموں سے اجازت لینا ہوگی۔ کمیٹی نے سفارشات میں کہا کہ غیر ملکی این جی اوز کی آن لائن رجسٹریشن کیلئے پہلے مرحلے میں سکریننگ کی جائے گی اور پھر موصول درخواستوں کی 45 دنوں کے اندر سکروٹنی کروائی جائے گی، این جی اوز کی ماضی کی سرگرمیوں اور فنڈنگ کے ذرائع کی تصدیق کی جائے گی اور کلیئر ہونے والی غیر ملکی آئی این جی اوز کو مخصوص علاقوں میں کام کی اجازت دی جائے گی جب کہ نامکمل آن لائن فارم کی حامل درخواستیں خود بخود ہی مسترد ہوجائیں گی۔خصوصی کمیٹی نے غیر ملکی این جی اوز کی رجسٹریشن کا کام وزارت داخلہ کو سونپنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر غیر ملکی این جی او کی رجسٹریشن کا پرفارما وزارت داخلہ کو بھجوائے گا جب کہ امریکی این جی او سیو دی چلڈرن سمیت 9 غیر ملکی این جی اوز کونئی رجسٹریشن کی ہدایت کی ہے۔