سندھ حکومت نے فوجی شہدا کے لواحقین کو 9600 ایکڑ اراضی الاٹ کرنے کی منظوری دیدی
کراچی (وقائع نگار) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے 9600 ایکڑ فاریسٹ لینڈ پاکستان آرمی کے شہید اہلکاروں کے ورثاء کو الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ فیصلہ وزیراعلیٰ ہائوس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان آرمی نے 2001 میں گڑھی یاسین ضلع شکارپور میں 35521ایکڑ فاریسٹ لینڈ کی الاٹمنٹ کی درخواست سندھ حکومت کو دی تھی۔ اور اس سلسلے میں فائل پر مختلف دفاتر میں کام ہوتا رہا جیسا کہ درخواست فاریسٹ لینڈ پاک فوج کے شہداء کے خاندانوں کو الاٹ کرنے سے متعلق ہے۔ لہذا چیف آف آرمی جنرل راحیل شریف نے مذکورہ زمین کی الاٹمنٹ کے لئے ذاتی طور پر کہا تھا۔ صوبائی وزیر جنگلات گیان چند اسرانی نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ مذکورہ زمین گڑھی یاسین کے گولو دیرو کے علاقے میں واقع ہے اس میں سے 5000ایکڑ زمین بعض با اثر افراد کے غیر قانونی قبضہ میں تھی جسے حال ہی میں رینجرز نے خالی کروایا ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ 25000ایکڑ فاریسٹ لینڈ میں سے 5000ایکڑ زمین نجی مالکان کے پاس ہے۔ اس وقت 9000ایکڑ زمین ان کے محکمہ کے پاس دستیاب ہے جو کہ اگر شہداء کے خاندان کو الاٹ کر دی جائے تو ان کے محکمہ کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن نے کہا کہ پاک آرمی نے 500شہداء کے خاندانوں جن میں سے 200کا تعلق سندھ سے ہے کے لئے زمین کی درخواست کی تھی۔ سیکرٹر ی جنگلات سجاد عباسی نے کہا کہ پالیسی کے تحت فاریسٹ لینڈ کا لیز ہولڈر الاٹ کردہ مجموعی زمین کے 20فیصد جنگلات کی کاشت کرنے کا پابند ہے جبکہ باقی ماندہ 80فیصد زمین زرعی مقاصد کے لئے ہوگی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اصولی طور پر پاکستان آرمی کو زمین کی الاٹمنٹ کی منظوری دی اور چیف سیکرٹری سندھ کو اس سلسلے میں سمری بھیجنے کے ہدایت کی۔