• news

افطار ڈنر: سیاسی رہنماؤں نے زرداری کو ’’پسپائی‘‘ کا مشورہ دیا‘48 گھنٹے قبل کی فوج سے متعلق پوزیشن اور لب و لہجہ پر نظرثانی کی گئی

اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے 48 گھنٹے قبل فوج کے بارے میں جو پوزیشن لی تھی اب اس سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔ آصف علی زرداری نے جو ’’لب لہجہ‘‘ اختیار کیا تھا اس پر نظرثانی کر لی ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت مسلسل دو روز سے آصف علی زرداری کی تقریر کی وضاحتیں کر رہی ہے۔ زرداری نے ہم خیال سیاسی رہنماؤں کو اپنے ہاں افطار ڈنر پر مدعو کر لیا لیکن اس عشایئے میں مسلم لیگ (ن) ‘ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کی بوجوہ عدم موجودگی سے آصف علی زرداری مطلوبہ مقاصد حاصل تو نہ کر سکے تاہم جن رہنماؤں نے افطار ڈنر میں شرکت کی انہوں نے آصف علی زرداری کو فوج کے بارے میں اپنی پوزیشن سے پیچھے ہٹنے کا مشورہ دیا۔ آصف علی زرداری نے ’’پسپائی‘‘ اختیار کر کے فوج سے مفاہمت کا راستہ کھلا رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمنٰ اور (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین جو مفاہمت کی سیاست کے داعی ہیں، نے آصف علی زرداری کو ’’پوائنٹ آف نو ریٹرن‘‘ پر نہ کھڑا ہونے کا مشورہ دیا۔

ای پیپر-دی نیشن